سرکاری حج اسکیم 2015 حکومت نے بینکوں سے 29 کروڑ منافع کمایا

بینکوں سے حاصل ہونے والی رقم حجاج کی فلاح و بہبود، تربیت پر خرچ ہوگی، وزارت مذہبی امور

بینکوں نے2 ماہ پر 5 فیصد، زائد پر ساڑھے 6، 120 دنوں یا زائد پر 10 فیصد منافع ادا کیا، ذرائع۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

حج 2015 کے دوران سرکاری اسکیم کے تحت بینکوں میں جمع ہونے والی رقوم پر وزارت مذہبی امور کو بینکوں کی طرف سے29کروڑ سے زائد منافع ادا کیاگیا ہے۔


وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق منافع کی رقم حجاج ویلفیئر فنڈ میں جمع کرائی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بینکوں اسے منافع کی مد میں ملنے والی رقم حاجیوں کی صحت، فلاح وبہبود، ٹرانسپورٹ اور تربیت امور سے متعلق شعور اجاگر کرنے سمیت سعودی عرب اور پاکستان میں حاجیوں کی تربیت کے پروگراموں پرخرچ کی جائے گی۔

حج 2015 میں قومی بینکوں اور وزارت مذہبی امور کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ حج درخواستوں کے بقایاجات پربینک 2ماہ تک رکھی گئی رقوم پر5 فیصد کے حساب سے وزارت مذہبی امور کو منافع ادا کریں گے اس سے اوپر کی مدت کے لیے 6.75 فیصد اور 120 دنوں یا اس سے زائد مدت کے لیے رکھی گئی رقوم پر 10فیصد منافع ادا کیا جائے گا۔ سرکاری اسکیم کے تحت حج واجبات حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک، زرعی ترقیاتی بینک، الائیڈ بینک، بینک آف پنجاب، میزان بینک، بینک الفلاح اور حبیب میٹرو پولیٹن بینک میں جمع کرائے گئے۔
Load Next Story