برطانوی پارلیمان نے بگ تھری کے معاملے پرکرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ کو طلب کرلیا

پارلیمانی کمیٹی جائلز کلارک سے بگ تھری بنانے اوراس سے کرکٹ کو پہنچنے والے نقصان پر وضاحت لے گی۔


ویب ڈیسک March 01, 2016
پارلیمانی کمیٹی جائلز کلارک سے بگ تھری بنانے اوراس سے کرکٹ کو پہنچنے والے نقصان پر وضاحت لے گی۔ فوٹو:فائل

لاہور: برطانوی پارلیمنٹ نے بگ تھری بننے کے بعد کرکٹ کو پہنچنے والے نقصان پر انگلش کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ جائلز کلارک کو بگ تھری کے معاملے پر وضاحت کے لئے طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کی کمیٹی نے بگ تھری کے باعث عالمی کرکٹ کو پہنچنے والے نقصان پر مبنی دستاویزی فلم " ڈیتھ آف جنٹل مین" دیکھنے کے بعد اُس وقت کے انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک کو بگ تھری بنانے پر وضاحت کے لئے طلب کرلیا۔ جائلز کلارک سے بگ تھری بنانے کے اغراض و مقاصد اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد سے متعلق سوالات کئے جائیں گے۔

جائلز کلارک نے سابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن اور موجودہ بی سی سی آئی سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کے ساتھ مل کر آئی سی سی کے اختیارات 10 ممبرز ٹیموں سے لے کر صرف تین ملکوں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ میں تقسیم کردیئے تھے اور یہی نہیں بگ تھری نے آئی سی سی کی ایسوسی ایٹس ٹیموں کو ملنی والی سالانہ 60 ہزارڈالر رقم بھی روک لی تھی۔ آئی سی سی پر تین ممالک کے قبضسے دیگر 7 ممبر ممالک کی کرکٹ کو شدید نقصان پہنچا جب کہ تینوں بڑے بورڈز نے چھوٹے بورڈز کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے درمیان زیادہ سے زیادہ کرکٹ سیریز کروائیں جس کی وجہ سے کرکٹ کو شدید نقصان پہنچا اور دستاویزی فلم بھی اسی پر مبنی ہے جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ اور انگلش کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہان کے بیانات بھی ہیں.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں