رینجرز نے عزیر بلوچ سے تفتیش کی روشنی میں پی پی رہنما عبدالقادر پٹیل کو طلب کرلیا

رینجرز نے خط کے ذریعے عبدالقادر پٹیل کو 3 مارچ کو طلب کیا ہے تاہم وہ اس وقت لندن میں موجود ہیں۔


ویب ڈیسک March 01, 2016
عبدالقادر پٹیل سے گرفتار ملزم عزیر بلوچ کے بیانات کی روشنی میں تفتیش کرنی ہے، رینجرز کا خط، فوٹو؛فائل

ISLAMABAD: رینجرز نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ سے تفتیش کی روشنی میں پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں ملزم سے تفتیش کی روشنی میں رینجرز نے پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا ہے۔ رینجرز نے پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل کو خط لکھا جس میں انہیں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 3 مارچ کو رینجرز ہیڈکوارٹر طلب کیا گیا ہے جب کہ رینجرز کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ قادر پٹیل سے گرفتار ملزم عزیر جان بلوچ کے بیانات کی روشنی میں تفتیش کرنی ہے۔

دوسری جانب عبدالقادر پٹیل نے 29 فروری کو رینجرز کا خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز نے انہیں 3 مارچ کو طلب کیا ہے تاہم وہ علاج کرانے کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اس لیے 10 مارچ کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے تاہم وکیل کے ذریعے رینجرز کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دامن صاف ہے اس لیے چھپنے کے بجائے کیسز کا سامنا کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں