کے الیکٹرک نے ہزاروں روپے کے زائد بل دوبارہ بھیجنے شروع کردیے

لیاقت آباد بی ون ایریا اور دیگر علاقوں میں ’’نیوٹرل ٹوٹنے اور بجلی چوری‘‘ کے الزامات پر جرمانے کے بل بھیجے جا رہے ہیں


Staff Reporter March 02, 2016
بجلی چوری نہیں کی، الزامات جھوٹے ہیں، میٹر لیبارٹری سے چیک نہیں کرائے جاتے، رپورٹ بھی نہیں دی جاتی، مشتعل شہری۔ فوٹو: فائل

کے الیکٹرک نے شہریوں کو ہزاروں روپے کے زائد بل بھیج دیے ہیں صارفین کے بل درست کرنے کے بجائے ان بلوں کو بھرنے کیلیے مجبور کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں زائد بل بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے لیاقت آباد بی ون ایریا کے صارفین کو کے الیکٹرک نے اس ماہ 50 ہزار روپے تک کے زائد بل بھیجے ہیں جو صارفین کیلیے بھرنا مشکل ہو گیا ہے، لیاقت آباد بی ون ایریا کے صارفین نے بتایا کہ انھیں گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل زائد بل بھیجے جارہے ہیں جب زائد بلوں کے بارے میں کے الیکٹرک کے دفتر سے رابطہ کیا جاتا ہے تو صارفین کو بتایا جاتا ہے کہ ان پر نیوٹرل ٹوٹنے اور بجلی چوری کے الزامات پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

صارفین نے بتایا کہ کے الیکٹرک ان صارفین کو زائد بل بھیج رہی ہے جو باقاعدگی سے بجلی کے بل بھر رہے ہیں، لیاقت آباد بی ون ایریا کے ایک صارف نے بتایا کہ اس کو کچھ عرصہ قبل 34 ہزار روپے کا زائد بل بھیجا گیا تھا جس کی مجبوراً اس نے قسطیں کروالی تھیں ابھی یہ قسطیں بھرنے کا عمل جاری تھا کہ کے الیکٹرک نے اب اس کو 70 ہزار روپے کا زائد بل بھیج دیا ہے جو اس کے لیے بھرنا انتہائی مشکل ہے ،کے الیکٹرک کے افسران اس کو کہہ رہے ہیں کہ اگر بل نہیں بھرا تو اس کی بجلی کاٹ دی جائے گی۔

لیاقت آباد بی ون ایریا میں اس ماہ جاری ہونے والے بجلی کے بلوں میں درجنوں صارفین کو جرمانوں کے ساتھ بل بھیجے گئے ہیں جن صارفین کو جرمانوں کے بل بھیجے گئے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ انھوں نے بجلی چوری نہیں کی ہے اور یہ الزامات جھوٹے ہیں کے الیکٹرک کنڈے لگانے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے بجلی کے بل بھرنے والے صارفین کو ناجائز بل بھیج رہی ہے، میٹر لیبارٹری سے چیک نہیں کرائے جاتے۔

رپورٹ بھی نہیں دی جاتی، صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زائد بل بھیجنے پر کے الیکٹرک کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے چند ماہ قبل گلستان جوہر بلاک 18 میں جوہر اسکوائر کے صارفین کو بھی زائد بل بھیجے تھے جن کو لے کر صارفین ابتک کے الیکٹرک کے چکر لگا رہے ہیں جوہر اسکوائر میں بھی سیکڑوں صارفین کو 35 ہزار روپے تک کے زائد بل بھیجے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں