سعودی عرب میں مسافربردار طیارے کا پائلٹ دوران پرواز دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

پائلٹ کی اچانک موت کے بعد معاون ہواباز نے جہاز کا کنٹرول سنبھالا اورجہاز بحفاظت لینڈ کرادیا۔


ویب ڈیسک March 02, 2016
پائلٹ کی اچانک موت کے بعد معاون ہواباز نے جہاز کا کنٹرول سنبھالا اورجہاز بحفاظت لینڈ کرادیا۔ فوٹو:فائل

SWAT: سعودی عرب میں ایک مسافر بردار طیارے کا پائلٹ دوران پرواز لینڈنگ سے قبل حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگیا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ائیرلائن کی پرواز 1734 ملک کے جنوب مغربی علاقے عسیر کے بیشہ ہوائی اڈے سے مسافروں کو لے کر دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد ہوائی اڈے آ رہی تھی کہ لینڈنگ سے چند منٹ قبل طیارے کا پائلٹ ولید بن محمد المحمد کو اچانک دل کا دورہ پڑا اور انہوں نے طیارے کا کنٹرول چھوڑ دیا جس کے بعد معاون ہوا باز رامی بن غازی نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کا کنٹرول سنبھالا اور جہاز کو بحفاظت اتارلیا۔ طیارے کو محفوظ طور پر اتارے جانے کے فوری بعد طبی عملہ ایمبولینس کے ساتھ ہوائی اڈے پہنچا اور ڈاکٹروں نے طیارے کے پائلٹ کا معائنہ کیا مگر وہ تب تک انتقال کرچکا تھا۔

دوسری جانب سعودی ایئرلائن کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر صالح بن ناصر الجاسر نے فوت ہونے والے پائلٹ کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ سرکاری ائیرلائن اور فضائیہ نے معاون ہوابازکی جانب سے طیارے کو فوری طورپر کنٹرول کرنے کو سراہا اور کہا کہ رامی بن غازی نے ایمرجنسی حالت میں عالمی اصولوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے طیارے کا کنٹرول سنھبال کر مسافروں کو محفوظ رکھا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں