نیب کا ڈاکٹرعاصم کے خلاف کرپشن کے الزام پر ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

ڈاکٹرعاصم پر ایل پی جی اور این جی ایل کا کوٹہ غیر قانونی طور پر دینے کا الزام ہے، نیب


ویب ڈیسک March 02, 2016
ڈاکٹر عاصم پر قومی خزانے کو 17 ارب 33 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے، نیب - فوٹو: فائل

PESHAWAR: قومی احتساب بیورو (نیب) كے ایگزیكٹو بورڈ نے دھوكا دہی اور گیس كی تلاش كے ٹھیكوں میں او جی ڈی سی ایل اور ایس ایس جی سی ایل كے افسران سے ملی بھگت سے مبینہ خرد برد پرسابق وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل ڈاكٹر عاصم حسین كے خلاف بدعنوانی كا ایك اور ریفرنس دائر كرنے كا فیصلہ كیا ہے۔



نیب كے ایگزیكٹو بورڈ كا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری كی زیر صدارت نیب ہیڈكوارٹر اسلام آباد میں ہوا جس میں سابق وزیر پٹرولیم ڈاكٹر عاصم حسین اور دیگر كے خلاف بدعنوانی كا ریفرنس دائر كرنے كا فیصلہ كیا گیا۔ نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے او جی ڈی سی ایل اور ایس ایس جی سی ایل كے افسران سے ملی بھگت كركے پیپرا رولز كی خلاف ورزی اور غیر قانونی طریقے سے نكالی گئی ایل پی جی كا 50 فیصد اور این جی ایل كا 100فیصد ٹھیكیدار كوغیر قانونی طور پربغیر كسی ادائیگی كے حاصل كرنے كی اجازت دی جس سے قومی خزانے كو 17.338 ملین روپے كا نقصان ہوا۔



نیب کےاجلاس میں ركن صوبائی اسمبلی سابق ضلع ناظم نصیر آباد بلوچستان سردار فتح علی عمرانی كے خلاف شكایت كی جانچ پڑتال كا فیصلہ كیا گیا، ملزم پرمحكمہ خزانہ كوئٹہ بلوچستان سے ملی بھگت كر كے جعلسازی كے ذریعے پرائیویٹ زمین پر قبضے كا الزام ہے۔ ایگزیكٹو بورڈ نے سابق ضلع ناظم نصیر آباد بلوچستان سردار فتح علی عمرانی كے خلاف ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے كے الزام كی شكایت كی جانچ پڑتال كا بھی فیصلہ كیا ہے جب کہ سابق آئی جی ریلوے پولیس سید ابن حسن، سابق ڈی آئی جی ریلوے پولیس لاہور(آئی جی ریلوے پولیس)منیر احمد چشتی و دیگر كے خلاف شكایت كی جانچ پڑتال كی منظوری دی، ملزمان پر مبینہ طور پر خرد برد اور اختیارات سے تجاوز كرنے كا الزام ہے جس سے قومی خزانے كو بھاری نقصان ہوا۔



نیب حکام نے وزیراعلیٰ سندھ كے پرسنل اسسٹنٹ ضیاءالحسن لنجار، لوكل بلڈر اور تحصیل میونسپل آفیسرنواز دومكی كے خلاف شكایت كی جانچ پڑتال كی منظوری دی، ملزمان پر بدعنوانی، اختیارات كے ناجائز استعمال اور ناجائز ذرائع اثاثے بنانے كا الزام ہے جس سے قومی خزانے كو44 ملین روپے كا نقصان ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔