کراچی سے گوادر تا چابہارفیری سروس کی تیاریاں مکمل

2 پسنجرفیری بوٹس کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر 45 لاکھ ڈالر کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے

2 پسنجرفیری بوٹس کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر 45 لاکھ ڈالر کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

پی این ایس سی کراچی سے گوادر اورچابہار فیری سروس شروع کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہے، فیری سروس کی ابتدائی تیاریاں مکمل کرنے کے بعد حکومتی پالیسی کی منتظر ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ رواں ماہ مجوزہ فیری سروس شروع نہیں کی جا رہی ہے تاہم حکومت کا اس ضمن میں حتمی فیصلہ آنے کے بعد پی این ایس سی 45 یوم میں فیری سروس شروع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی این ایس سی نے 2 فیری بوٹس خریدنے کے لیے بینک سے مطلوبہ قرضوں کی منظوری بھی حاصل کر لی ہے۔

فیری بوٹس فروخت کرنے میں 28کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی تھی جس میں سے شارٹ لسٹنگ کرتے ہوئے 2 کمپنیوں کی پیشکشوں پررضامندی ظاہر کی گئی ہے، 2 پسنجرفیری بوٹس کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر 45 لاکھ ڈالر کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں کراچی تا گوادر 400 مسافروں کی گنجائش کی حامل فیری کے لیے15لاکھ ڈالر اور کراچی تا چابہار بندرگاہ ایران 1200 مسافروں کی گنجائش کی حامل فیری کے لیے30 لاکھ ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔


مجوزہ فیری سروس کی فزیبلٹی کے مطابق کراچی تا چابہاربندرگاہ کے لیے 24ہزار روپے فی مسافر کرایہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق فیری سروس کے ذریعے کراچی تاگوادر کا سفر8 تا10 گھنٹے کا ہوگا اور کراچی سے چابہار پہنچنے میں 18 گھنٹے لگیں گے، پی این ایس سی مسافروں کو ایک چھت تلے ویزا کسٹمز ودیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے غیرملکی سفارتخانوں اور متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ قائم کیے ہوئے ہے، ٹکٹ بکنگ کے لیے بھی مجاز ایجنٹس کی تقرری کا پلان ترتیب دیا جارہا ہے۔

حکام کے مطابق اگر مجوزہ سروس سے 70فیصد مسافربھی فائدہ اٹھائیں تو کارپوریشن اس سروس کو کامیابی سے آپریٹ کرسکتی ہے، فیری سروس سے ایرانی شہروں مشہد، قم، نجف اور تہران کا سفر انتہائی محفوظ ہوجائے گا جبکہ گوادر کے لیے فیری سروس سے گوادربندرگاہ پر خدمات انجام دینے والے مقامی و غیرملکیوں کی سیکیورٹی یقینی بنائے جانے کے ساتھ گوادر میں سیاحت، صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی این ایس سی حکام نے گوادرمیں قائم فائیواسٹار ہوٹلز، ریسٹورنٹس، موٹلز سے بھی رابطہ کیا ہوا ہے جن سے مجوزہ فیری سروس کے مسافروں کے لیے ترغیبی پیکیجز پر بات چیت کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ فیری سروس کارگوکے لیے بھی استعمال کی جائے گی، تجارتی وعوامی حلقے بھی پی این ایس سی کی مجوزہ فیری سروس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مجوزہ فیری سروس شروع کرنے کے لیے حتمی فیصلہ آنے کے بعد پی این ایس سی کراچی سے عمان اورعمرہ زائرین کے لیے بھی فیری سروس پر ابتدائی کام شروع کردے گی۔
Load Next Story