صدر سمیت اعلیٰ حکام سرکاری دوروں پر انتخابی مہم نہیں چلاسکتےالیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر اور صوبائی گورنروں سمیت تمام حکومتی عہدیداروں پر سرکاری دوروں کے دوران انتخابی مہم چلانے پر پابندی لگادی ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نظر ثانی شدہ ضابطہ اخلاق کے مطابق صدر،وزیراعظم اور گورنرز کے علاوہ اسمبیلوں کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا ، وزرائے مملکت، وزرائےاعلٰی، صوبائی وزرا، وزیراعظم و وزرائے اعلٰی کے مشیراور سرکاری عہدہ رکھنے والے تمام افراد سرکاری دوروں کے دوران کسی امیدوار کی حمایت نہیں کرسکتے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی امیدوار کار ریلی نہیں نکال سکیں گے۔ اس کے علاوہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کا اطلاق نگران حکومت پر بھی ہوگا۔خلاف ورزی کے مرتکب سیاستدانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انہیں نااہل بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کا مسودہ تمام سیاسی جماعتوں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ اگر دو ہفتوں میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے کوئی جواب یا رائے نہ آئی تو اس صورت میں ضابط اخلاق کا مسودہ منظور سمجھا جائے گا۔