دھرم شالا میں پاکستانی ٹیم کی میزبانی کا تنازع طول پکڑنے لگا

ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے کوئی سیاست نہ کی جائے، انوراگ ٹھاکر


Sports Desk March 03, 2016
مستعفی ہونے کیلیے تیار، وزارت داخلہ ریاستی حکومت کومنانے کی کوشش کرے گی، سیکرٹری بی سی سی آئی۔ فوٹو: فائل

دھرم شالا میں پاکستانی ٹیم کی میزبانی کا تنازع طول پکڑنے لگا، بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے اپنی ریاست میں ہائی وولیٹج میچ بچانے کیلیے ہاتھ جوڑ لیے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈٹی ٹوئنٹی کا پاک بھارت مقابلہ خطرات کی زد میں ہے، ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ ویر بہادرا کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو اپنی اسٹیٹ میں سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کی وجہ سے صورتحال مزید گمبھیر ہوگئی ہے، مقامی سیاستدان معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہیں۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کو بھی اس بات کا اچھی طرح اندازہ ہے کیونکہ وہ خود بھی اسی اسٹیٹ سے مرکز میں حکومت کرنے والی بے جی پی کے رہنما اور ممبر پارلیمنٹ ہیں، اسی کے ساتھ وہ ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔

اس وقت ان کی ریاست میں کانگرس کی حکومت اور ویر بہادرا کی جانب سے انوراگ کو کرکٹ ایسوسی ایشن سے بیدخل کرنے کیلیے باقاعدہ عدالت سے رجوع بھی کیا گیا ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے بات چیت کے دوران انوراگ نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے کوئی سیاست نہ کی جائے، اگر میرے کرکٹ ایسوسی ایشن کے استعفیٰ سے بات ختم ہوتی ہے تو میں آج ہی اس کیلیے تیار ہوں۔

دوسری جانب مرکزی وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر اسٹیٹ حکومت اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، اس کے ساتھ ویربہادرا حکومت کو منانے اور پاکستان ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دینے میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں