بینچ پر بیٹھ کر تالیاں بجانے والے آج ایکشن میں ہونگے

ایشیا کپ میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان غیر اہم میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا


Sports Desk March 03, 2016
ایشیا کپ میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان غیر اہم میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان غیر اہم میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا، فائنل کا ٹکٹ کٹوانے والی بھارتی ٹیم میں ردوبدل کا امکان ہے، اب تک بینچ پر بیٹھ کر تالیاں بجانے والے ایکشن میں نظر آ سکتے ہیں، شیکھر دھون کو ایک بار پھر باہر رہنا پڑیگا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم نے شاندار پرفارم کرتے ہوئے لگاتار تینوں میچز جیت کر فائنل میں جگہ بنالی ہے، جمعرات کو اس کا ٹائٹل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہونیوالی یو اے ای کی ٹیم سے مقابلہ رسمی کارروائی ثابت ہوگا، مینجمنٹ اس میں ان کھلاڑیوں کو چانس دینے کا ارادہ رکھتی ہے جو اب تک باہر بیٹھ کر ساتھی کھلاڑیوں کی اچھی پرفارمنس پر تالیاں بجاکر داد دیتے رہے ہیں، ان میں ہربھجن سنگھ، پوون نیگی اور بھونیشور کمار شامل ہیں۔

اجنکیا راہنے بھی پاکستان کے خلاف پہلا میچ کھیلے تھے اس کے بعد وہ باقی دونوں میچز میں باہر بیٹھے، ان کی شیکھر دھون کی جگہ واپسی متوقع ہے جو گذشتہ میچ میں بُری طرح ناکام ثابت ہوئے، انھیں ویسے بھی زیادہ سوئنگ والی کنڈیشنز میں کھیلنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ اسی طرح ایک ماہ میں 9 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے والے اشیش نہرا کو آرام دیا جا سکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو ان کی جگہ بھونیشور کمار سنبھالینگے۔

کپتان دھونی کا کہنا ہے کہ ہم اگلے میچ میں یقینی طور پر الیون میں تبدیلی کرینگے، ہوسکتا ہے کہ اب تک باہر بیٹھنے والے تمام کھلاڑیوں کو موقع دیں یا پھر ان میں سے کچھ کو میدان میں اتاریں، ہم مختلف کمبی نیشن کی آزمائش کرینگے۔

دوسری جانب یواے ای ٹائٹل کی دوڑسے سب سے پہلے باہرہونیوالی ٹیم بنی، کوالیفائنگ راؤنڈ میں اس نے اپنے تمام تینوں میچز جیتے مگر مین راؤنڈ میں اسے سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان تینوں کے ہاتھوں شکست کا سامناکرنا پڑا،اس دوران ٹیم کی بولنگ قدرے بہتر رہی تاہم بیٹسمینوں نے مایوس کیا، پلیئرز ایونٹ کے اپنے آخری میچ میں ایک بار پھر فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کرکے بھارت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے پُرامید ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔