ملالہ کی دوست شازیہ صحتیاب ہو کر گھر واپس آگئیں
ملالہ یوسف زئی پر حملے میں زخمی ہونے والی طالبہ شازیہ صحت یاب ہو کر گھر واپس آ گئیں ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شازیہ پشاور میں کمبائنڈ ملٹری اسپتال میں 1 ماہ تک زیر علاج رہیں اور جمعرات کو انہیں صحت یابی کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا۔
شازیہ نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے علاج کے لئے پاکستانی افواج اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ وہ اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکی ہیں۔
شازیہ نے کہا کہ وہ اپنی دوست ملالہ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں اور ان کے ساتھ ایک بار پھر سے اسکول جانے کے لئے بے چین ہیں۔
ملالہ کی دوسری ہم جماعت کائنات ریاض بھی حملے میں زخمی ہوئی تھیں اورانہوں نے علاج کے بعد گزشتہ ہفتے سے اسکول دوبارہ جانا شروع کر دیا تھا مگر مسلسل بخار کے باعث وہ باقائدگی سے اسکول نہیں جا پا رہیں۔