سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور کی میٹرو بس سروس بند

میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ ضلعی حکومت کی درخواست پر کیاگیا، ترجمان میٹرو بس اتھارٹی

لاہور:تمام میٹروبسيں کو گجو متہ ڈپو منتقل کردیاگیا فوٹو: فائل

لاہور:
پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میٹرو بس سروس کو بند کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں میٹرو بس سروس کو بند کردیا گیا ہے، سروس کی بندش کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جب کہ بسوں کو گجومتہ بس ڈپو منتقل کردیا گیا ہے۔


میٹرو سروس کی بندش کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنے روزگار تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لوگوں کو اپنی منزل پر پہنچنے کے لئے لوکل ٹرانسپورٹ کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔

میٹرو بس سروس کی بندش کے حوالے سے پنجاب حکومت کی موقف میں تضاد پایا جاتا ہے، میٹرو بس سروس کے ترجمان کہتے ہیں کہ سروس آج شام 5 بجے بحال کردی جائے گی جب کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس 2 دن کے لئے بند کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس کی معطلی کا اقدام انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے، ان رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دہشت گرد میٹرو بس سروس کو نشانہ بناسکتے ہیں، سیکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی میٹرو سروس کو بحال کردیا جائے گا۔
Load Next Story