دادو میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 76 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ

حلقے میں ایک لاکھ 48 ہزار857 رجسٹرڈ ووٹروں کے لئے 134 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں


ویب ڈیسک March 03, 2016
پی ای 76 کی نشست پیپلزپارٹی کی امیدوار پروین عزیز جونیجو کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی فوٹو: فائل

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 76 پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل خیر پور ناتھن شاہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار سمیت 15 امیدوار انتخابات حصہ لے رہے ہیں۔ حلقے میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی کا کافی اثر و رسوخ ہے لیکن انہوں نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کردیا ہے، جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار انجینئر عبدالعزیز جونیجو کی پوزیشن انتہائی مضبوط کہی جارہی ہے۔

حلقے میں ایک لاکھ 48 ہزار857 رجسٹرڈ ووٹروں کے لئے 134 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ انتخابی عمل کو پر امن بنانے کے لئے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جب کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے 10 اور رینجرز کے 3 جوان تعینات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ نشست پیپلزپارٹی کی امیدوار پروین عزیز جونیجو کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں