بنگلہ دیش سے شکست یا رسوائی

ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو5وکٹ سے شکست دے کر نہ صرف فائنل میں جگہ بنا لی۔


Editorial March 03, 2016
ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو5وکٹ سے شکست دے کر نہ صرف فائنل میں جگہ بنا لی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو5وکٹ سے شکست دے کر نہ صرف فائنل میں جگہ بنا لی بلکہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ سے باہر کر کے آئی سی سی کو بھی غلط ثابت کردیا جسے یہ یقین تھا کہ ٹائیگرز 6 مارچ کو شیڈول میچ میں جگہ نہیں بنا سکیں گے اسی لیے ورلڈ 20 ٹوئنٹی سے قبل بنگلہ دیش کا 5 مارچ کو دھرم شالہ میں ہانگ کانگ کے ساتھ وارم اپ میچ شیڈول کردیا لیکن پانسہ یوں پلٹا کہ شاندار پرفارمنس نے بنگلہ دیش کو سبقت دلادی ۔

عالمی کرکٹ پنڈتوں کے خیال میں پاکستان و سری لنکا سے مقابلہ بنگلہ دیش کے لیے ممولے اور شہباز کی لڑائی تھی جب کہ ہمارے اسٹارکھلاڑی اکثر ذہنی طور پر کمزور اور استقامت کے فقدان کے باعث نتائج نہ دے سکے۔ لہٰذا کرکٹ کے کرتا دھرتاؤں کو تحقیق کرنی چاہیے کہ اس زوال و پسپائی کا کیا سبب ہے۔ اگر تسلیم کرلیا جائے کہ کھیل میں ہارجیت ہوتی ہے یا کرکٹ بائی چانس ہے تب بھی یہ شکست ہضم نہیں ہوتی۔ہمارے کھلاڑیوں کو کم از کم بنگلہ دیش سے ہی سبق سیکھنا ہوگا ۔ کبھی بنگلہ دیش کی ٹیم کے لیے پاکستان رول ماڈل ہوا کرتا تھا۔ اس لیے یہ شکست نہیں رسوائی ہے۔

پچھلے میچوں کی طرح پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا،28رنز پر 4بیٹسمین پویلین لوٹ گئے، سرفراز اور شعیب ملک نے70رنز کی شراکت سے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا، شعیب ملک نے 41اور سرفراز احمد نے 58ناٹ آؤٹ رنز اسکور کیے، پاکستانی ٹیم 20اوورز میں7وکٹ کے 129رنز بنا سکی، جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے ہدف19.1اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

بنگلہ دیش کی جیت کھلاڑیوں کے مضبوط اعصاب ،اسپورٹس مین شپ اور ذمے دارانہ کھیل کا نتیجہ تھی، پاکستانی کھلاڑی نفسیاتی سقوط کا شکار رہے، ہماری بیٹنگ مسلسل زوال پذیراور منتشر رہی، بولرز کی محنت اکارت گئی، ساری امیدیں محمد عامر سے وابستہ کرنا اس کے ساتھ بھی زیادتی ہے، بنگلہ دیش بولرز نے کوئی فاضل رن نہیں دیا، جب کہ پیسر محمد سمیع کی 19ویں اوور میں دو نو بالز ان جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے شایان شان نہیں۔ سابق کرکٹرز نے بجا طورپر اسے ٹیم سلیکشن اور بیٹنگ و فیلڈنگ کی شدید ناکامی قراردیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے لیے یہ شکست خود احتسابی کا اشارہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں