ملکی نجی شعبے میں سب سے بڑی ڈیل ڈچ ڈیری کمپنی اینگرو فوڈز خریدے گی

ٹرانزیکشن کے اعلان پر پی ایس ایکس میں اینگروفوڈز اورکارپوریشن کے حصص کی قیمتیں5 فیصدکی یومیہ حد تک بڑھ گئیں۔


Business Desk/AFP March 04, 2016
ٹرانزیکشن کے اعلان پر پی ایس ایکس میں اینگروفوڈز اورکارپوریشن کے حصص کی قیمتیں5 فیصدکی یومیہ حد تک بڑھ گئیں۔ فوٹو: فائل

ڈچ ڈیری کمپنی فریزلینڈ کیمپینا انٹرنیشنل ہولڈنگ بی وی نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں لسٹڈ دوسری بڑی کمپنی اینگرو فوڈز کے 391 ملین یا 51 فیصد شیئرز حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کی مارکیٹ ویلیو46 کروڑ سے 50 کروڑ ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو بھیجے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ ڈیل میں سٹی گروپ فنانشل ایڈوائزر ہے۔ ٹرانزیکشن کے اعلان پر پی ایس ایکس میں اینگروفوڈز اورکارپوریشن کے حصص کی قیمتیں5 فیصدکی یومیہ حد تک بڑھ گئیں۔ کمپنی کے بیان کے مطابق اینگروفوڈز میں اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ کے 87.06 فیصد شیئرز ہیں جبکہ ڈچ کمپنی کم وبیش391ملین شیئرز یا 51 فیصد خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق اس ڈیل کے نتیجے میں پاکستانی فرم میں موجودہ اسٹاک ویلیو کے مطابق 46 کروڑ ڈالر کی کم ازکم سرمایہ کاری کی جائے گی جبکہ بلومبرگ کے مطابق اس ڈیل کی لاگت 50 کروڑ ڈالر تک ہو گی۔ اسٹینڈرڈ کیپٹل سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ فیصل شجی کے مطابق یہ نجی شعبے میں اب تک کی سب سے بڑی ڈیل ہوگی جس کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی پاکستان پر توجہ میں اضافہ ہو جائے گا، اس سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا امیج بھی بہتر ہوگا۔ ڈیل کے نتیجیم یں پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاروں کو زبردست فروغ حاصل ہوگا۔

بلومبرگ کے مطابق اس ٹرانزیکشن کے نتیجے میں ڈچ ڈیری کمپنی فریزلینڈ کیمپینا انٹرنیشنل ہولڈنگ بی وی کو پاکستانی مارکیٹ میں قدم جمانے میں مدد ملے گی جہاں بڑھتی ہوئی مڈل کلاس کا رجحان پروسسڈ ملک کی طرف بڑھ رہا ہے تاہم زیادہ تر لوگ ان پروسس خام دودھ استعمال کرتے ہیں، پروسسڈملک کا مارکیٹ شیئر صرف 9فیصد ہے جو 5سال میں بقول سی ای او اینگروفوڈز15فیصد تک پہنچ سکتا ہے،کمپنی ڈیوڈیلیجنس جلد شروع کرے گی۔

سینئرریسرچ اینالسٹ الفلاح سیکیورٹیز لمیٹڈ دانش علی کاظمی کے مطابق بڑے مواقع موجود ہیں، ڈیل کے نتیجے میں فریزلینڈ کیمپینا کو مارکیٹ کے حصول کا پرکشش موقع ملے گا۔ بلومبرگ کے مطابق فریزلینڈ کیمپینا کے ترجمان جان۔ویلیم ٹیرایویسٹ نے اسٹاک ایکس چینج اعلامیے کے علاوہ کچھ بھی کہنے سے انکار کیا۔ اعلامیے کے بعد اینگروفوڈز اور اس کی پیرنٹ اینگرو کارپوریسن کے حصص 5فیصدکی یومیہ حد تک بڑھ گئے، سٹی گروپ گلوبل مارکیٹس لمیٹڈ لندن ڈیل کا فنانشل ایڈوائزر اور اس کی پاکستانی شاخ (بینک) منیجر ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں