ایک پیسے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا شہباز شریف

ہماری دم پر کوئی پیر نہیں آیا، نیب گزشتہ کئی ماہ سے پنجاب میں تحقیقات کر رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک March 05, 2016
نیب سے متعلق حقائق کسی اور موقع پر سامنے لاؤں گا، شہباز شریف۔ فوٹو: ایکسپریس۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر مجھ پر ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کرپشن کی تحقیقات کرنا نیب کی قانونی ذمہ داری ہے اور انھیں کرپشن کی تحقیقات کرنی بھی چاہیئیں لیکن یہ بتایا جائے کہ پرویز مشرف کے مارشل لائی دور میں پرویز الہی نے زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے پر 90 کروڑ روپے ڈبو دیئے، اربوں روپے کے اسکینڈل پر کیا کارروائیاں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پٹواری مافیا سے پنجاب کی جان چھڑائیں گے، نیب گزشتہ کئی ماہ سے پنجاب میں تحقیقات کر رہی ہے، ہماری دم پر کوئی پیر نہیں آیا، نیب سے ہر طرح کا تعاون کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کی جا رہی ہیں، نیب سے متعلق حقائق کسی اور موقع پر سامنے لاؤں گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پچھلے اور موجودہ دور میں اگر ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں