دورۂ بھارت انضمام اور وسیم اکرم پلیئرز کی رہنمائی کرینگے

خصوصی کیمپ کی تاریخوں ودورانیے کافیصلہ ڈومیسٹک کیلنڈر اورسابق اسٹارزکی مصروفیات کومدنظر رکھ کرکریں گے، ذکا اشرف


Sports Reporter November 09, 2012
تکنیکی مسائل نہ ہوں تو پاکستانی ٹیم کو مصنوعی روشنیوں میں ٹیسٹ کھیلنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی، گلابی گیند ہی زیادہ مناسب آپشن ہے، چیئرمین پی سی بی فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورئہ بھارت اور جنوبی افریقہ کی تیاری کیلیے انضمام الحق اور وسیم اکرم سے مدد طلب کرلی۔

دونوں سابق کپتانوں نے قومی کھلاڑیوں کی رہنمائی کیلیے رضا مندی بھی ظاہر کردی، خصوصی کیمپ کی تاریخوں اور دورانیے کا فیصلہ ڈومیسٹک کیلنڈر اور مایہ ناز کرکٹرز کی مصروفیات کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف پُرامید ہیں کہ عظیم پلیئرز کے مفید مشورے ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کا ذریعہ بنیں گے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم 22 دسمبر کو بھارت روانہ ہوگی جہاں 3 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز شیڈول ہیں،گرین شرٹس مکمل ٹیسٹ ٹور کیلیے جنوری میں جنوبی افریقہ بھی جائیں گے، دوسری طرف ہنٹ کمیٹی تاحال بیٹنگ کوچ کا انتخاب کرنے کے مراحل میں ہے، اس صورتحال میں بورڈ نے انضمام الحق کے ساتھ بولرز کی رہنمائی کیلیے وسیم اکرم کی خدمات بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق مڈل آرڈر بیٹسمین نے چند روز قبل ہی اشارہ دیا تھا کہ وہ ٹیم کی بہتری کیلیے کوئی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے بھی تصدیق کی کہ دونوں عظیم کھلاڑیوں سے کوچنگ کی درخواست کی گئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ انضمام الحق اور وسیم اکرم کی رہنمائی سے بیٹسمینوں اور بولرز کو نہ صرف دورئہ بھارت اور جنوبی افریقہ کی تیاری میں مدد ملے گی بلکہ ہمارے متبادل کھلاڑی بھی اپنا کھیل نکھار کر مستقبل کیلیے بہتر تیاری کر سکیں گے۔ ذکا اشرف نے بتایا کہ سابق کپتانوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ ایگزیکٹیو کوارڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا جس کے بعد رابطہ کرنے پر دونوں نے مثبت جواب دیا، بیٹسمینوں کا ایک گروپ تشکیل دیا جائے گا جو انضمام الحق کی کوچنگ سے فائدہ اٹھائے گا جبکہ بولرز کی رہنمائی وسیم اکرم کرینگے۔

چیئرمین بورڈ نے کہاکہ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کے قومی ٹیم کیلیے جذبات اور کام کرنے پر رضا مندی جان کر دلی خوشی ہوئی، یقین ہے کہ ان کا تجربہ کرکٹرز کے کام آئے گا اور وہ بھارت و جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرینگے۔ یاد رہے کہ وسیم اکرم ماضی میں بھی پی سی بی کی دعوت پر بولرز کی رہنمائی کرتے رہے ہیں،120 ٹیسٹ 378 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے انضمام الحق پہلی بار باضابطہ طور پر بورڈ کی جانب سے دی گئی کوئی ذمہ داری نبھائیں گے۔ ذکا اشرف کے مطابق خصوصی کوچنگ کیمپ کی تاریخ اور دورانیہ ڈومیسٹک کیلنڈر اور دونوں سابق کپتانوں کی دستیابی دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ دریں اثنا چیئرمین بورڈ نے ڈے نائٹ ٹیسٹ کی تجویز کو کھیل کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تکنیکی مسائل نہ ہوں تو ہماری ٹیم کو مصنوعی روشنیوں میں5 روزہ میچ کھیلنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی،ٹیسٹ مقابلوں کو ٹوئنٹی20 اور ون ڈے میچز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے برابر لانے کیلیے یہ اچھا راستہ ثابت ہو سکتا ہے، زیادہ مصروف لوگ بھی فراغت کے اوقات میں ڈے نائٹ ٹیسٹ سے لطف اندوز ہو سکیں گے، نئے رجحان سے 5 روزہ مقابلوں کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے نیوٹرل امپائرز سمیت کھیل کی بہتری کیلیے کی جانے والے کسی بھی تبدیلی کو اپنانے سے کبھی گریز نہیں کیا، اس بار بھی ہم پیچھے نہیں رہیں گے۔

ذکا اشرف نے آئی سی سی کی طرف سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کے ساتھ گیندکے رنگ کا انتخاب بھی مقابل ٹیموں کی صوابدید پر چھوڑنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریق باہمی رضا مندی سے فیصلہ کریں تو بہتر رہتا ہے کیونکہ انھیں براڈ کاسٹرز کے معاملات بھی دیکھنا پڑتے ہیں، میرے خیال میں گلابی گیند ہی زیادہ مناسب آپشن ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈے نائٹ میچز کا تجربہ پہلے ہی کر چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں