پریزیڈنٹ ٹرافی کے آر ایل کیخلاف حبیب بینک161 پر ڈھیر

یو بی ایل کی 4 وکٹیں لینے کے بعد محمد حفیظ نے ناقابل شکست 44 رنز بنالیے۔


Sports Desk November 09, 2012
حارث سہیل کی سنچری، جنید خان نے پانچ پلیئرز کو آئوٹ کیا۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چھٹے رائونڈ کا مختلف شہروں میں آغاز ہوگیا۔ چار روزہ میچز کے ابتدائی دن حبیب بینک کی ہیوی ویٹ بیٹنگ لائن کے آرایل کے سامنے 161 پر ڈھیرہوگئی۔

کپتان یونس خان 13 رنز تک محدود رہے۔ ٹیسٹ آل رائونڈر محمد حفیظ کے دوطرفہ وار نے یوبی ایل کوپریشان دیا، سوئی ناردرن کے کپتان نے چار وکٹیں لے کر حریف سائیڈ کو 165 پر آئوٹ کرنے کے بعد ناقابل شکست 44 رنز بھی بنا دیے۔ واپڈا کے خلاف پورٹ قاسم کی ٹیم 215 رنز تک محدود رہی، فاسٹ بولر جنید خان نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، پی آئی اے سے میچ میں حارث سہیل نے ناقابل شکست سنچری جڑ دی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی میں کے آر ایل کے خلاف حبیب بینک کی ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی، احسان عادل نے سب سے زیادہ 31 ، عمران فرحت نے 26 اور اسد شفیق نے 21 رنز بنائے۔

کپتان یونس خان 13 رنز تک محدود رہے، علی خان نے 4 جبکہ محمد عرفان اور راحت علی نے دو،دوپلیئرز کو آئوٹ کیا۔ جواب میں کے آر ایل نے ایک وکٹ کے نقصان پر 74 رنز بنالیے، زین عباس 38 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، سعید انور جونیئر 21 رنز پر رخصت ہوئے۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں سوئی ناردرن کے خلاف یو بی ایل کی ٹیم محمد حفیظ کی خوفناک بولنگ کے سامنے 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی، عابد علی اور فہیم قریشی نے81 رنز کا آغاز فراہم کیا مگر پھر اسی اسکور پر ہی تین وکٹیں گرگئیں، فہیم قریشی کو 27 رنز پر حفیظ نے ایل بی ڈبلیو کیا، سعید اور فیصل اختر بھی اسی انداز میں بغیر کھاتہ کھولے اسپنر کا شکار بن گئے۔

حفیظ نے توفیق عمر کی مدد سے فیصل اطہر کو صرف 4 رنز پر قابو کر کے حریف بیٹنگ کی کمر توڑ دی، عابد علی نے بلاول بھٹی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 82 رنز بناکر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، باقی کھلاڑی میں سے صرف کپتان شبیر احمد (12) دہرے ہندسے میں جا پائے، حفیظ نے 7 اوورز میں 13رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جبکہ اسد علی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حفیظ نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی یو بی ایل کو سبق سکھانے کا سلسلہ جاری رکھا، پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک انھوں نے ناقابل شکست 44 رنز بناکر سوئی ناردرن گیس کا مجموعہ دو وکٹ پر 112 تک پہنچا دیا، علی وقاص بھی 52 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، توفیق عمر اور اظہر علی ایک، ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم پر واپڈا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی پورٹ قاسم کی ٹیم 215 رنز پر آئوٹ ہوگئی، تنویر احمد 46 جبکہ عمر امین اور عبدالرئوف 43، 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عاصم کمال 8 اور خرم منظور صرف دو رنز بنا پائے، اوپنر شاہ زیب حسن کو کھاتہ تک کھولنے کا موقع نہیں ملا، ٹیسٹ فاسٹ بولر جنید خان نے 5 جبکہ ذوالفقار بابر نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں دن کے اختتام تک واپڈا نے40 رنز پر ایک وکٹ گنوا دی تھی۔ اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر پی آئی اے کے خلاف زرعی ترقیاتی بینک نے 7 وکٹ پر 188 رنز بنا لیے، اس مجموعے میں بھی کلیدی کردار حارث سہیل نے ادا کیا جو103 رنز پرناقابل شکست ہیں، زوہیب خان نے 33 اور سہیل تنویر نے 24 کی اننگز کھیلیں، عمران نذیر کا بُرا وقت ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی جاری ہے اور اس بار وہ 5 رنز تک محدود رہے۔

وہ زرعی بینک کی قیادت بھی کررہے ہیں، یاسر حمید 2پر آئوٹ ہوئے جبکہ ذوالقرنین حیدر کو صفر کی خفت کا سامنا کرنا پڑا،انور علی نے 3 اور اعزاز چیمہ نے دو وکٹیں لیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل بینک نے اسٹیٹ بینک کیخلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹ پر 260 رنز بنالیے، سمیع اسلم نے 89 رنز اسکور کیے جبکہ قیصر عباس 64 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، اوپنر ناصر جمشید نے 28 رنز بنائے،کپتان فواد عالم 19 اور حماد اعظم6 رنز پر محدود رہے،صدف الطاف اور محمد علی نے دو، دو وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں