ٹیم مینجمنٹ پلیئرز کے انتخاب کا حق رکھتی ہے قاسم ضیا

سلیکشن کمیٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کھیل کے بہتر مفاد میں کیا گیا، صدر پی ایچ ایف


Sports Reporter November 09, 2012
سلیکشن کمیٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کھیل کے بہتر مفاد میں کیا گیا، صدر پی ایچ ایف فوٹو : فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے کہا ہے کہ قومی کھیل کے فروغ اور بہتری کیلیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کھیل کے بہتر مفاد میں کیا گیا۔

یاد رہے کہ پی ایچ ایف نے عہدوں میں ردو بدل کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کو ختم کر کے تمام تر اختیارات ٹیم مینجمنٹ، ہیڈ کوچ، کوچ اور اسسٹنٹ کوچز کے سپرد کر دیے ہیں، اس پر کئی سابق اولمپئنز نے شدید تنقید کی ہے۔ اس حوالے سے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قاسم ضیا نے کہا کہ یہ سسٹم دنیا کی کئی بڑی ٹیموں نے اپنائے رکھا، کوچ زیادہ وقت کھلاڑیوں کے ساتھ گزارتے اور ان کی صلاحیتوں سے اچھی طرح واقف ہوتے ہیں، اسی لیے وہ ٹیم کیلیے بہتر کھلاڑیوں کے چنائو کا حق رکھتے ہیں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ہاکی کی بہتری کیلیے خدمات پیش کرنے والے تمام سابق اولمپئنز کو خوش آمدید کہا جائے گا، ان کے مطابق مجموعی طور پر قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، ایک وقت ہم ایشیا میں چھٹے نمبر پر تھے، انٹرنیشنل رینکنگ بھی نیچے تھی، موجودہ فیڈریشن کے تحت گرین شرٹس ایشین چیمپئن بنے، بین الاقوامی درجہ بندی میں بھی اوپر آئے، ٹیم نے کئی طاقتور ٹیموں کو ہرا کر اچھے نتائج دیے، اولمپکس میں آسٹریلیا کیخلاف ایک بُرا میچ کھیلنے کی وجہ سے سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکے، میگا ایونٹ میں ہماری مجموعی کارکردگی خراب نہیں تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں