’’نہیں‘‘ کہا اور پچھتائے

کام یاب کردار ادا کرنے سے انکار کرنے والے اداکار


نرگس ارشد رضا March 06, 2016
کام یاب کردار ادا کرنے سے انکار کرنے والے اداکار:فوٹو : فائل

QUETTA: بولی وڈ ایک ایسی طلسماتی دنیا ہے جہاں کبھی بھی کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ کون سی فلم ہٹ ہوجائے اور کون سی فلاپ، اس کے بارے میں حتمی دعویٰ کوئی بھی نہیں کرسکتا۔ یہاں تک کہ فلم بنانے والا پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی۔ اسی طرح ایک اداکار بھی اپنے طور پر فلم کا انتخاب کرتے وقت یہی بات ذہن میں رکھتا ہے کہ یہ فلم اس کے کیریر کی بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔

لیکن اکثر ایسا نہیں ہوتا۔ ایکٹرز اپنے کردار کو منتخب کرنے میں بڑی احتیاط سے کام لیتے ہیں، جو زیادہ کام یاب اداکار ہے رول کے لیے اس کی ترجیحات بھی مختلف ہوتی ہیں، اس لیے بسا اوقات اداکار اپنے لیے جس فیصلے کو صحیح سمجھ کر کرتے ہیں وہ انہیں نقصان بھی دے جا تا ہے اور بعد میں ان کے ہاتھ سوائے پچھتاوے کے اور کچھ نہیں آتا۔ بولی وڈ کی کئی بلاک بسٹر اور کام یاب فلموں کے لیے پہلے جن ایکٹرز کو آفر کی گئی وہ انہوں نے کسی نہ کسی وجہ سے قبول نہ کی اور یوں ان کے دروازے پر آنے والی خوش قسمتی کسی دوسرے اسٹار کی قسمت چمکا گئی۔ بالکل اسی طرح بولی وڈ کے کئی اداکاروں نے ہالی وڈ کی کئی کام یاب فلموں کی آفرز کو ریجیکٹ کردیا۔ دیکھیے کن کن اسٹارز نے کیسے کیسے کام یاب کرداروں کو مسترد کیا۔

٭شاہ رخ خان: کنگ خان کو شہرۂ آفاق فلم سلم ڈاگ ملینیئر کی پیش کش کی گئی تھی جسے شاہ رخ نے یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ یہ فلم ان کے کیریر کو نقصان دے سکتی ہے۔ حالاںکہ بولی وڈ اسٹار کے پاس ہالی وڈ میں ڈیبیو کرنے کا یہ زبردست موقع تھا۔ بعد میں یہ کردار انیل کپور کو آفر کیا گیا، اس فلم کی کام یابی نے انیل کپور پر ہالی وڈ کے دروازے کھول دیے۔ لگان کے لیے پہلے شاہ رخ خان سے رابطہ کیا گیا تھا، ان کے معذرت کرنے کے بعد یہ رول عامر خان نے کر کے بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کی۔

٭دیپکا پاڈوکون: اس وقت بولی وڈ کی نمبر ون اداکارہ دیپکا پاڈوکون کو پہلے فیورس 7جیسی ایکشن اور کام یاب فلم میں کام کرنے کی آفر کی گئی تھی، لیکن دیپکا ان دنوں فرح خان کی فلم ہیپی نیوایئر کی شوٹنگز میں مصروف تھیں، اس لیے انہوں نے یہ فلم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ دیپکا نے جب تک ہے جان میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد یہ رول کترینہ کیف کو آفر کیا گیا تھا۔

٭ایشوریا رائے بچن: بولی وڈ کی حسین ساحرہ ایشوریا کو ہالی وڈ کے کام یاب اور بڑے اداکار بریڈ پٹ کے ساتھ فلم ٹرائے میں مرکزی رول کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن ایش نے اپنی نجی مصروفیات کے باعث یہ فلم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

٭رونیت رائے: رونیت کا شمار بولی وڈ کے اچھے اور ڈیسنٹ اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر وہ ٹی وی پر اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔ رونیت کو ہالی وڈ کی فلم زیرو ڈارک سٹی کی آفر کی گئی تھی، مگر انہوں نے اس بین الاقوامی پروجیکٹ میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ زیرو ڈارک سٹی بیسٹ فلم کا آسکر ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔

٭پریانکا چوپڑہ: پریانکا چوپڑہ گو کہ اب ہالی وڈ میں کام کر رہی ہیں اور اب ان کی وہاں ایک پہچان بن چکی ہے، لیکن بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہوں گے کیریر کے ابتدائی دنوں میں انہیں ہالی وڈ کی کام یاب فلم Immortalsمیں کام کرنیکی آفر کی گئی تھی، پریانکا کے معذرت کرنے کے بعد یہ کردار فریدہ پنٹو نے کیا تھا۔

٭ریتھک روشن: یونانی دیوتا کا خطاب پانے والے بولی وڈ اسٹار ریتھک روشن اپنے گلوبل لک کی وجہ سے ہالی وڈ فلم میکرز کی چوائس رہتے ہیں۔ انہیں فلم پنک پنتھر ٹو میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ اس فلم میں انہیںVicente' کے کردار کی آفر ہوئی تھی، مگر ریتھک نے یہ رول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ریتھک کو عامر خان کی فلم دل چاہتا ہے میں عامرخان کے رول کے ساتھ رنگ دے بسنتی میں بھی عامر کے رول کی پہلے آفر کی گئی تھی۔ دل چاہتا ہے میں آکاش کا رول خاص ریتھک کے لیے ہی لکھا گیا تھا، لیکن انھوں نے اس فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

٭سیف علی خان: کرن جوہر کی فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے میں راج کے کردار کے لیے پہلا انتخاب سیف ہی تھے، لیکن انہوں نے اس رول کو کرنے سے انکار کردیا اور یوں راج کا کردار شاہ رخ کے حصے میں آیا۔ اس فلم نے کئی تاریخی ریکارڈ قائم کیے۔ کہنے والے اب یہی کہتے ہیں کہ راج کا رول بنا ہی شاہ رخ کے لیے تھا ۔ یہ فلم ممبئی کے ایک سنیما ہاؤس میں تاحال دکھائی جارہی ہے۔

٭کرینہ کپور: بولی وڈ کی صف اول کی ہیروئن کرینہ کا ہر ہر انداز اسے دوسروں سے ممتاز بناتا ہے۔ لیکن حیرت انگیز طور پر انہوں نے دو بلاک بسٹر فلموں میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ کہو ناں پیار ہے میں امیشا پاٹل سے پہلے کرینہ کو آفر کی گئی تھی۔ اس کے بعد سنجے لیلا بنسالی کی فلم ہم دل دے چکے صنم میں سب سے پہلے کرینہ سے رابطہ کیا گیا تھا، لیکن انھوں نے اسکرپٹ پسند نہ آنے پر کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔ بعدازاں نندنی کا کردار ایشوریا نے کیا تھا۔ اس کے علاوہ کرینہ کو رام لیلا میں بھی آفر کی گئی جسے منع کرنے کے بعد یہ رول دیپکا پاڈوکون نے کیا تھا۔ فلم کل ہو نہ ہو میں پریتی زینٹا سے پہلے کرینہ کو یہ رول آفر کیا گیا تھا۔

٭ارمان کوہلی: بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو سپراسٹار بنانے والی ان کی پہلی کام یاب فلم دیوانہ تھی شاہ رخ سے پہلے یہ کردار ارمان کوہلی کو آفر کیا گیا تھا۔

٭کترینہ کیف: باربی ڈول کہلانے والی کترینہ کیف کو شاہ رخ کے ساتھ ان کی فلم چنائے ایکسپریس کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی تھی اور کترینہ نے انکار کردیا تھا۔ رام لیلا کے لیے بھی کترینہ سے رابطہ کیا گیا، لیکن انہوں نے اپنی مصروفیات کے باعث انکار کردیا تھا۔ بعدازاں یہ دونوں رول دیپکا نے کیے تھے۔

٭کنگنا راناوت: کنگنا نے فلم ڈرٹی پکچرز میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ یہ کردار ودیا بالن نے ادا کیا۔

کاجول: یش چوپڑہ کی فلم ویر زارا کے مرکزی کردار کے لیے پریتی زینٹا سے پہلے کاجول کو آفر کی گئی تھی ۔

٭اکشے کمار: فرحان اختر کی فلم بھاگ مِلکھا سنگھ بھاگ کے لیے پہلے اکشے کمار سے رابطہ کیا گیا تھا، مگر انھوں نے یہ کردار ادا کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

٭دیوآنند: امیتابھ بچن کی فلم زنجیر کے لیے ان سے پہلے دیو آنند سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے پولیس والے کا رول کرنے سے انکار کردیا اور پھر یہ کردار بگ بی نے کر کے اپنے لیے فلم انڈسٹری کے دروازے کھول لیے۔

٭راج کپور: فلم آنند میں راجیش کھنہ سے پہلے راج کپور کو یہ کردار کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

٭شتروگھن سنہا: شتروگھن سنہا نے بلاک بسٹر فلم شعلے میں جے کا کردار کرنے سے معذرت کرلی تھی، جسے بعد میں امیتابھ بچن نے کر کے لازوال بنادیا۔

٭سلمان خان: شاہ رخ کی دو فلموں چک دے انڈیا اور بازی گر کے لیے پہلے سلمان خان سے رابطہ کیا گیا تھا، ان کے منع کرنے کے بعد یہ رول شاہ رخ نے کیے تھے۔

٭جوہی چاولہ: فلم دل تو پاگل ہے میں کرشمہ کے رول نیشا کے لیے پہلے جوہی شاولہ سے رابطہ کیا گیا، لیکن انہوں نے فلم میں معاون اداکارہ کے طور پر کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

٭ٹوئنکل کھنہ: فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں رانی مکھرجی کے رول کے لیے پہلے ٹوئنکل کھنہ کو آفر کی گئی تھی۔

٭عامر خان: فلم ڈر میں راہول مہرہ کے رول کے لیے پہلے عامر خان کو پیشکش کی گئی جن کے منع کرنے کے بعد یہ رول شاہ رخ نے کیا۔

٭اجے دیوگن: کرن ارجن فلم میں ارجن کے رول کے لیے پہلے اجے دیوگن سے رابطہ کیا گیا تھا، جن کے معذرت کرنے کے بعد یہ کردار شاہ رخ نے کیا۔

٭ونود کھنہ: امیتابھ بچن کی بلاک بسٹر فلم نمک حلال میں ششی کپور کے رول کے لیے پہلے ونودکھنہ سے رابطہ کیا گیا تھا۔

٭امیتابھ بچن: مسٹر انڈیا کے لیے انیل کپور سے پہلے امیتابھ بچن کو پیشکش کی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں