حمیدگل اور اسد درانی کیخلاف واضح کارروائی نہیں ہوئی کھوڑو

پیسے لینے والے سیاستدانوں کو بھی سزا نہیں دی گئی، پریس کانفرنس سے خطاب

ترکی کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں نثارکھوڑو اور دیگر کا ترک قونصل جنرل کے ساتھ گروپ فوٹو۔ فوٹو : ایکسپریس

اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ایئرمارشل (ر) اصغرخان کیس میں جنرل (ر) حمید گل اور جنرل (ر) اسد درانی سمیت جن لوگوں نے پیسے تقسیم کیے ان کے خلاف واضح کارروائی نہیں ہوئی ۔


پیسے لینے والے سیاستدانوں کو بھی سزا نہیں دی گئی ، یہ انتہائی افسوسناک ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ سے امید ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس بھی جلد فیصلہ دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کو اگر کسی نے عدالت میں چیلنج کیا تو یہ ان کا حق ہے تاہم قانون سازی اسمبلی کا حق ہے، انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے آئین میں جو ترامیم کی ہیں عدالت نے انھیں کالعدم قرار نہیں دیا تو بلدیاتی نظام کا ایکٹ اگر آئین سے متصادم نہیں ہے تو عدالت انہیں کیسے کالعدم قرار دے سکتی ہے۔

آرمی چیف اور چیف جسٹس کے حالیہ بیانات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ آئین نے تمام اداروں کے اختیارات کا تعین کیا ہوا ہے اس لیے اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے، ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے،کراچی کو سالہا سال سے نشانہ بنایا جا رہا ہے ،امن و امان اور خراب صورت حال سمیت دیگر مسائل ہمیں آمرانہ حکومتوں کی طرف سے تحفے میں ملے ہیں۔
Load Next Story