سلمان بٹ کی قومی ٹیم میں شمولیت کے معاملے پرشاہد آفریدی آڑے آگئے

یہ سلمان بٹ ہی تھے جنہوں نے محمد عامر کو بہکایا اور قومی ٹیم کو تاریخ کے بدترین بحران سے دوچار کیا، شاہد آفریدی


ویب ڈیسک March 06, 2016
یہ سلمان بٹ ہی تھے جنہوں نے محمد عامر کو بہکایا اور قومی ٹیم کو تاریخ کے بدترین بحران سے دوچار کیا، شاہد آفریدی۔ فوٹو:فائل

شاہد آفریدی نے سلمان بٹ کی قومی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سلمان بٹ قومی ٹیم میں کھیلے تو نہ کپتانی کروں گا اور نہ ہی ٹیم کا حصہ بنوں گا۔

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار قرار دیئے گئے کرکٹر سلمان بٹ کی دوبارہ واپسی کے لئے سیلکشن کمیٹی نے دیگر حکام کی رائے ہموار کرنا شروع کردی ہے تاہم ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی نے سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سلمان بٹ ہی تھے جنہوں نے محمد عامر کو بہکایا اور قومی ٹیم کو تاریخ کے بدترین بحران سے دوچار کیا لہذا انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے لیکن اگر سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا تو نہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کپتانی کروں گا اور نہ ہی ٹیم کا حصہ بنوں گا۔

واضح رہے کہ آج قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید نے سلمان بٹ کے گھر ظہرانے میں شرکت کی جس کے بعد انہوں نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے قائد شاہد آفریدی سے رابطہ کرکے انہیں ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ٹیم میں شمولیت پر مشاورت بھی کی تاہم بعد میں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید اور وقار یونس نے ملاقات کی جس میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے سلمان بٹ کو ٹیم کا حصہ نہ بنانے کا کہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔