1500 ٹن کھجور کا پروسیسنگ یونٹ اگلے سال کام شروع کردے گا

خیر پورمیں لگایا گیا بین الاقوامی معیار کا یونٹ 1800ٹن کولڈ اسٹوریج کی گنجائش کا حامل ہے


Staff Reporter March 07, 2016
خیر پورمیں لگایا گیا بین الاقوامی معیار کا یونٹ 1800ٹن کولڈ اسٹوریج کی گنجائش کا حامل ہے فوٹو: اے ایف پی/فائل

چیئرپرسن سندھ انویسٹمنٹ بورڈ ناہید میمن نے کہا ہے کہ کھجور کی پیداوار کے حوالے سے پاکستان کے زرخیز ترین ضلع خیرپورمیں سالانہ 1500ٹن کھجوروں کی بین الاقوامی معیار کے مطابق پروسیسنگ کی صلاحیت کا حامل یونٹ اگلے سال خیر پوراسپیشل اکنامک زون میں کام کرنا شروع کردے گا۔

اس پروسیسنگ یونٹ میں بیک وقت 1800ٹن کولڈ اسٹوریج کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔ چیئرپرسن سندھ انویسٹمنٹ بورڈ ناہید میمن نے بتایا کہ حکومت سندھ نے صوبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کے لیے سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ (ایس ای ڈی ایف)کی وساطت سے دیہی اور زرعی شعبے کی معیشت کی بہتری اور ویلوایڈیشن کے لیے مالی معاونت کا پروگرام شروع کیا ہے۔

نجی شعبے میں قائم ہونے والے 1500ٹن کھجور کی پروسیسنگ صلاحیت کے حامل اس پروجیکٹ میں پروسیسنگ یونٹ لگانے والی قابل اعتماد کمپنی کو بینک قرضے پر تین سال تک مارک اپ ادائیگی میں سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ (ایس ای ڈی ایف) تعاون کرے گا۔ اس عمل سے دیہی اور زرعی شعبوںمیں صنعتی ترقی کا عمل تیز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ، سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ اور خیرپور کی ضلعی انتظامیہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون میں نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلیے تمام تر ضروری تعاون اور انفرااسٹرکچر فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں