اسٹیل ملز بے قاعدگیوں کی تحقیقات میں پیشرفت پرغورکے لیے سینیٹ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اﷲ اجلاس کی صدارت کریں گے


Business Reporter March 07, 2016
کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اﷲ اجلاس کی صدارت کریں گے فوٹو: فائل

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اہم اجلاس آج پیر 7مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہورہا ہے۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی کروڑوں روپے مالیت کی قبضہ شدہ اراضی کو واگزار کرانے کے لیے پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے ملازمین کے گریجویٹی اور جی پی فنڈ کے غلط استعمال سمیت اربوں روپے مالیت کے بیل آؤٹ پیکجز سے کیے گئے اخراجات اور ان کے نتائج پر بھی غور کیا جائے گا۔

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اﷲ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں نج کاری کمیشن اور وزارت خزانہ کی جانب سے پاکستان اسٹیل اور پاکستان مشین ٹول فیکٹری کی نج کاری کے سلسلے میں حکومتی منصوبے اور اب تک کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی جائیگی۔

سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل کے پاس موجود تیار مال میں سے 3.3ارب روپے کے مال کی فروخت اور اس رقم کے اخراجات کی بابت بھی پاکستان اسٹیل کی انتظامی سے وضاحت طلب کی گئی ہے جس کے بارے میں پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ اپنا موقف اجلاس میں پیش کریگی۔اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی قیمتی اراضی پر قبضہ بالخصوص گلشن حدید میں غیرقانونی تعمیرات، رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی تعداد سمیت غیرقانونی تعمیرات کو روکنے اور ملوث افراد کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں