کراچی بد امنی کیس میں سپریم کورٹ نے پولیس کی رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا

پولیس کی رپورٹ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے برابر ہے، سپریم کورٹ


ویب ڈیسک March 07, 2016
2 ہزار دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں اور آئی جی کہہ رہے ہیں کہ امن ہوگیا، سپریم کورٹ فوٹو: فائل

LONDON: سپریم کورٹ نے کراچی بد امنی کیس کی سماعت کے دوران امن و امان کے حوالے سے آئی جی سندھ کی پیش کردہ رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دے دیا۔



چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے کراچی رجسٹری میں کراچی بد امنی کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران آئی جی سندھ نے پولیس کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، رپورٹ میں کہا گیا کہ شہرمیں ہونے والے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے،24 جولائی 2014 سے اب تک بھتہ خوری میں 60 فیصد، بینک ڈکیتیوں میں 58فیصد،اسٹریٹ کرائم میں 20 فیصد، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں 100 فیصد جب کہ ٹارگٹ کلنگ کےواقعات میں69فیصدکمی ہوئی ہے۔



چیف جسٹس نے پولیس کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ آپ کے سارے اعداد و شمار کا تعلق 2015 سے ہے جب رینجرز نے آپریشن شروع کیا، وہ جس کارکردگی کا ذکر کررہے ہیں اس میں رینجرز، پولیس اور دیگر ایجنسیوں کا مشترکہ کردار ہے، پولیس کا کام صرف اعداد و شمار جمع کرنا نہیں بلکہ تفتیش کرنا ہے، وہ یہ بتائیں کہ 2015 میں ٹارگٹ کلنگ کی جتنی وارداتیں ہوئی ہیں ان میں سے کتنے واقعات کے ملزمان پکڑے گئے، عدالت میں کتنے چالان پیش کئے گئے۔



جسٹس امیر ہانی مسلم نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ کوئی ایسا ملزم جسے پکڑا گیا اور اس کے خلاف چالان بھی عدالت میں پیش کیا گیا ہو اس کی تفصیل دیں، جس پر آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس بہت کام کررہی ہے، ہم نے 451 اشتہاری ملزمان کو پکڑا ہے، صفورا گوٹھ،عباس ٹاؤن اور ایئر پورٹ حملہ کیس میں ملزمان پکڑے، غلام حیدر جمالی کے جواب پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے استفسار کیا کہ اگر 4 ہزار اشتہاری ملزمان شہر میں آزاد دندنا رہے ہوں تو امن وامان کی صورت حال کا کیا بنے گا،2 ہزار دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں اور آپ کہہ رہے ہیں کہ امن ہوگیا۔ وہ جس کیسز کی بات کررہے ہیں وہ 2015 کے کیس نہیں ہیں اور وہ بھی ہماری مداخلت پر آپ نے پکڑے ہیں۔ 47 افراد کی لسٹ ہے اور آپ کہتے ہیں کہ اغوا برائے تاوان کے واقعات ختم ہوگئے۔



عدالت نے استفسار کیا کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی آئی ہے لیکن شارٹ ٹرم کڈنیپنگ بڑھ گئی ہے، پولیس کے بھی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، آپ کو معلوم ہے کہ شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کیا ہے، اس سلسلے میں عامر فاروقی نے تحقیقات کی ہے اس بارے میں آپ کیا جانتے ہیں، آئی جی سندھ کی جانب سے تحقیقات کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرنے پر سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ کو اتنا بھی نہیں معلوم تو پھر آپ کو وردی میں رہنے کا بھی حق نہیں ہے۔ جن کیسز کی تفتیش ہوئی ان کے ملزمان کے نام اور پتے موجود ہیں مگرآپ ان پر ہاتھ نہیں ڈالتے، بتائیں مفرور ملزمان کو کیوں نہیں پکڑے۔



سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پے رول پر رہا کیے گئے لوگوں کی گرفتاری کے لیے کیا کیا گیا،جس پر پراسیکیوٹر جنرل شہادت اعوان نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ 70افراد کو پے رول پر رہا کیا گیا تھا، جن میں سے 54 کے مقدمات نمٹا دیئے گئے۔ 16 مقدمات زیر التواء ہیں۔18 ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔





کراچی بدامنی کیس کی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران رینجرز کے وکیل کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے مقدمات میں پروسیکیوشن کے اختیارات دیئے جائیں جب کہ صوبائی حکومت سے رینجرز کو اپنے تھانے قائم کرنے کی بھی اجازت دلوائی جائے۔



رینجرز کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں سندھ پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتےہوئے کہا گیا ہے کہ پولیس کی ناقص تفتیش سے ملزم چھوٹ جاتے ہیں، پولیس پر سیاسی دباؤ ہے جس کے باعث تفتیش معیاری نہیں ہوپاتی۔ رینجرز کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت اس کے اختیارات کم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ رینجرز کی جانب سے صوبے میں خصوصی اختیارات میں توسیع سال کی بنیاد پر کرنے کا کہا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |