چارسدہ میں سیشن کورٹ کے باہر خودکش حملہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد جاں بحق

سیشن کورٹ کےاندرداخل ہونےوالےبمبارکوپولیس اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے خودکو دھماکےسے اڑالیا،ڈی پی او چارسدہ


ویب ڈیسک March 07, 2016
سیشن کورٹ کےاندرداخل ہونےوالےبمبارکوپولیس اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے خودکو دھماکےسے اڑالیا،ڈی پی او چارسدہ. فوٹو: آن لائن

لاہور: تحصیل شبقدر میں سیشن کورٹ کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے جب کہ واقعہ کی ایف آئی آر انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کرلی گئی ہے۔





ایکسپریس نیوز کے مطابق چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں سیشن کورٹ کے مرکزی دروازے پر خود کش دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکاروں سمیت 16 افراد جاں بحق ہوگئے، دھماکا اس وقت ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد مقدمات کی پیروی کے لئے عدالت میں موجود تھی۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پہنچ گئیں جب کہ امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا اور ڈی ایچ کیو اور تحصیل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔



دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جب کہ ڈی پی او چارسدہ کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے سیشن کورٹ کے مرکزی گیٹ پر دوران تلاشی اندر جانے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو خودکش بمبار نے پہلے فائرنگ کی جس کے بعد خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 24 افراد زخمی ہیں۔





تحقیقاتی اداروں نے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی ہے جس کےمطابق خودکش حملہ آور کی عمر 15 سے 16 سال تھی ، حملہ آور نے پہلے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کیا تو موقع پر موجود دوسرے اہلکار نے حملہ آور کو دبوچ لیا، پکڑے جانے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ حملہ آور نے فائرنگ 9 ایم ایم پستول سے کی جسے تفتیشی ٹیموں نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے جب کہ حملہ آور کے اعضا لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں۔ پولیس نے شبقدر حملے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیاہے۔



دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف، صدر ممنون حسین اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیر کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو بہادری پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔



ادھر اسلام آباد اور سندھ بار کونسل نے شبقدر حملے کی شدید مذمت کی ہے جب کہ کل عدالتی کارروائی کے بھی بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں