چھکوں اورچوکوں کی سونامی نے بھارت کا رخ کرلیا

ٹوئنٹی 20 کا عالمی دنگل آج شروع ہوگا،ابتدائی راؤنڈ میں چھوٹے ’پہلوان‘ اپنا زور آزمائیں گے،2 ٹیمیں سپر10میں جائیں گی


Sports Desk March 08, 2016
ناگپور:ہانگ کانگ کے کرکٹرز ٹریننگ سیشن میں فرسبی کھیل رہے ہیں،میچ فکسنگ الزامات کی زد میں آنے والی ٹیم کا آج آئی سی سی ورلڈ ٹی 20کوالیفائر میں زمبابوے سے مقابلہ ہوگا ۔ فوٹو : فائل

چھکوں اور چوکوں کی سونامی نے بھارت کا رخ کرلیا، ٹوئنٹی 20 کا عالمی دنگل منگل سے شروع ہورہا ہے، ابتدائی راؤنڈ میں چھوٹے 'پہلوان' اپنا زور آزمائیں گے، پہلے دن ہانگ کانگ کی ٹیم زمبابوے کو چیلنج کرے گی۔

افریقی ٹیم کو اپنی فل ممبر برادری کو مین راؤنڈ میں جوائن کرنے کیلیے گروپ میں ٹاپ پر رہنا ہوگا۔ دوسرے میچ میں افغانستان کا سامنا اسکاٹ لینڈ سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے پہلے راؤنڈ کا آغاز منگل سے ناگپور میں ہورہا ہے، اس میں شریک 8 ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ٹاپ پر رہنے والی دو ٹیمیں 8 فل ممبران کے ساتھ مین راؤنڈ میں مقابلہ کریں گی۔ پہلے میچ میں ہانگ کانگ اور زمبابوے آمنے سامنے ہوں گے، افریقی سائیڈ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلیے بے چین ہے، تاہم ہانگ کانگ کی ٹیم بھی اسے ٹف ٹائم دینے کا ارادہ کیے بیٹھی ہے۔ زمبابوین ٹیم کا بیٹنگ آرڈر کافی مضبوط دکھائی دیتا ہے جس میںٹاپ پر کپتان ہیملٹن مساکیڈزا اور ووسی سبانڈا کے بعد رچمونڈ موتمبامی ون ڈاؤن پوزیشن پر خود کو سیٹ کرچکے ہیں۔

اسی طرح ایلٹن چگمبرا بگ ہٹنگ کی ضروریات پوری کرنے کیلیے موجود ہوں گے، اصل تشویش بولنگ میں ہے کیونکہ یہ فیصلہ کرنا باقی ہے کہ اٹیک ٹینڈائی چتارا، ٹینڈائی چسورو، ڈونلڈ ٹریپانو، ٹاوینڈا موپاریوا اور تناشے پانیاگرا میں سے کن پر مشتمل ہوگا۔ دوسری جانب ہانگ کانگ کوزیادہ امیدیں اپنے کوچ ریان کیمبل سے ہیںجو اب خود ٹیم کا حصہ بن چکے، وہ 44 برس اور 29 دن کی عمر میںمیدان میں اتر کر ٹورنامنٹ کے سب سے عمر رسیدہ کرکٹر کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔

دوسرے میچ میں افغانستان ایشیا کپ کے مین راؤنڈ میں کوالیفائی نہ کرنے کا سارا غصہ اسکاٹش ٹیم پر اتارنے کو بے چین ہے، اس کے پاس ٹی 20 کیلیے خاص طور پر درکار ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین بھی موجود ہیں، اسکواڈ میں حامد حسن کی جولائی 2015 کے بعد پہلی بار واپسی ہوئی ہے،دوسری جانب اسکاٹش ٹیم کافی مستحکم دکھائی دے رہی ہے، ساتویں پوزیشن پر کھیلنے کیلیے روب ٹیلر اور مائیکل لیسک میں مقابلہ ہوگا، ایک کے پاس لیفٹ آرم سیم کا ہتھیار موجود تو دوسرا آف اسپن بولنگ سے لیس ہے، ماجد حق اسکاٹش اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں