ہانگ کانگ اور زمبابوے کے میچ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ بھارت میں سج گیا

کوالیفانگ راؤنڈ میں سے کامیاب ہونے والی 2 ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا سکیں گی۔


ویب ڈیسک March 08, 2016
کوالیفانگ راؤنڈ میں سے کامیاب ہونے والی 2 ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا سکیں گی۔۔ فوٹو:فائل

KARACHI: محدود اوور کے پرجوش ایونٹ کا میلہ ہانگ کانگ اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان کوالیفانگ میچ سے سج گیا جب کہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہے۔

بھارت کے شہر ناگپور میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائنگ میچز کا آغاز ہوگیا اور آج کوالیفائنگ ٹیموں کے گروپ بی کے 2 میچز ہوں گے، پہلا میچ ہانگ کانگ اور زمبابوے کے درمیان شروع ہوگیا جب کہ دوسرا میچ افغانستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آئی سی سی کے 10 ممبر ممالک کے علاوہ دیگر 6 ایسوسی ایٹس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جب کہ کوالیفائنگ راؤنڈ کے لئے 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ "اے" میں بنگلادیش، آئرلینڈ، نیدرلینڈ اور عمان جب کہ گروپ "بی" میں افغانستان، ہانگ کانگ، اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ہرگروپ سے کامیاب ہونے والی ایک ایک ٹیم اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرجائے گی۔

پہلے سے کوالیفائنگ ٹیموں کو بھی دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں گروپ "اے" میں انگلینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور ایک گروپ "بی" سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم شامل ہوگی۔ اسی طرح گروپ "بی" میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور گروپ اے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم ہوگی۔

میگا ایونٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو کوئی بھی ٹیم دو بار ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ پہلے ایڈیشن کا آغاز 2007 میں جنوبی افریقا میں ہوا اور فائنل میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو پچھاڑا جب کہ 2009 میں انگلینڈ میں ورلڈ چیمپئن کی ٹائٹل جنگ پاکستان نے جیتی۔ 2010 کے تیسرے ایڈیشن کا معرکہ انگلینڈ نے سرکیا اورچوتھا میلہ 2012 میں سری لنکا میں سجا۔ فائنل میں کالی آندھی نے میزبان ملک کو دھول چٹائی اور بنگلا دیش میں کھیلے گئے پانچویں ورلڈ ٹی 20 میں آئی لینڈرز نے بھارتی سورماؤں کو مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں