ایم کیو ایم کا 10 مارچ سے کراچی کو کچرے اور خرافات سے پاک کرنے کا اعلان

مہم کے دوران کراچی کی ہر گلی محلوں کے ساتھ ذہنوں کی بھی صفائی کی جائے گی، فاروق ستار


ویب ڈیسک March 08, 2016
مہم کے دوران کراچی کی ہر گلی محلوں کے ساتھ ذہنوں کی بھی صفائی کی جائے گی، فاروق ستار، فوٹو؛ فائل

متحدہ قومی موومنٹ نے 10 مارچ سے کراچی کو کچرے اور خرافات س پاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ 10 مارچ سے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے دوران شہر قائد کو کچرے کے علاوہ خرافات سے پاک کیا جائے گا، شہر کی ہر گلی محلوں کے ساتھ ذہنوں کی بھی صفائی کی جائے گی اور جو دیواروں پر لکھا ہے اسے بھی وائٹ واش کریں گے جب کہ کےالیکٹرک اورواٹربورڈ سمیت شہری اداروں نے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اشاروں کنایوں میں بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کی ہدایت پر کراچی کی صفائی مہم کی منصوبہ بندی کرلی جس کے دوران کچرا بھی صاف ہوگا اور خرافات بھی اورکچرے کو اس کی آخری آرام گاہ تک پہنچائیں گے، صفائی مہم کا دائرہ کراچی کے بعد حیدرآباد اور میرپورخاص تک وسیع کریں گے اور یہ مہم سی ویو بھی جائے گی۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ صفائی مہم کے دوران عوامی رابطہ مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ جو ذہنوں میں ابہام یا خرابی پیدا ہوگئی ہے وہ بھی دور کی جاسکے،عزم کیا ہے اپنے شہر کی اور ملک کے لوگوں کی خدمت کریں گے، اپنی مدد آپ کے تحت تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے کراچی کو صاف شہر بنایا جائے گا جب کہ مہم میں ایم کیو ایم کے وفاقی و صوبائی ارکان، سینیٹرز اور ذمہ داران بھی حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک تیر سے کئی شکار کرنے جارہے ہیں، اشارہ کررہا ہوں جہاں گٹر کھل گئے ہیں ان پربھی ڈھکن رکھیں گے، میئر اورڈپٹی میئر کے لئے نامزد وسیم اختر اور ڈاکٹر ارشد وہرا جب تک حلف نہیں اٹھا لیتے اس وقت تک روزانہ کی بنیاد پر صفائی مہم صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں