حصص مارکیٹ میں منافع کے لیے فروخت سے تیزی محدود

کاروباری حجم پیر کی نسبت 6.61 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر21 کروڑ65 لاکھ49 ہزار710 حصص کے سودے ہوئے


Business Reporter March 09, 2016
192 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

ISLAMABAD: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کوبڑھتی ہوئے پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی جس میں نمایاں کردار غیرملکیوں کی جانب سے3 ملین ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری کا رہا جس سے 39 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں14 ارب41کروڑ38 لاکھ6 ہزار740 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ گزشتہ9 کاروباری سیشنز میں مجموعی طور پر60 فیصد کی تیزی کے بعد منگل کو بعض شعبوں کی جانب سے منافع کے لیے فروخت کا رجحان دیکھا گیا، پورے کاروباری دورانیے میں مارکیٹ اتارچڑھاؤ کا شکار رہی۔

ایک موقع پر 185 پوائنٹس کی تیزی اور بعد ازاں 89.47 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی، بینکنگ اسٹاکس میں منافع کے حصول کا رحجان رہا جبکہ آئل اور فرٹیلائزر اسٹاکس میں خریداری تسلسل برقراررہنے سے مارکیٹ مستحکم رہی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس10.25 پوائنٹس کے اضافے سے33032.85 پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شیئرانڈیکس18.59 پوائنٹس بڑھ کر 15497.81 ہوگیا، اس کے برعکس کے ایس ای30 انڈیکس 17.32 پوائنٹس کی کمی سے19583.10 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 29.87 پوائنٹس گھٹ کر57484.13 ہوگیا۔

کاروباری حجم پیر کی نسبت 6.61 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر21 کروڑ65 لاکھ49 ہزار710 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار354 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں138 کے بھاؤ میں اضافہ، 192 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں