آسٹریا میں زوردارڈکارمارنے والے شخص پرپہلےجرمانہ پھراستنبول کی سیر

ڈکار مارنے پر پولیس اہلکار نے میہچ پر جرمانہ کیا تو ڈونر کباب بنانے والی کمپنی نے استنبول کی سیر کرائی۔


ویب ڈیسک March 09, 2016
ڈونر کباب بنانے والی کمپنی کے مالک نے میہچ کو 70 یورو کا چیک بھی ادا کیا تو جرمانے کی رقم کے برابر بنتا ہے۔ فوٹو: فائل

انسان سے بعض اوقات نہ چاہتے ہوئے بھی ایسے واقعات سرزد ہو جاتے ہیں جو اس کے لئے مشکلات کا باعث بن جاتے ہیں اور ایسا ہی ہوا آسٹریا میں جب کباب کھا کر زور سے ڈکار مارنے پر پولیس نے ایک شخص پر جرمانہ عائد کردیا لیکن کباب بنانے والی کمپنی نے اسے اپنی توہین سمجھتے ہوئے نہ صرف جرمانے کی رقم ادا کی بلکہ اس شخص کو سیاحت کا موقع بھی فراہم کیا۔

گزشتہ ماہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا اس وقت عجیب و غریب واقعہ رونما ہوا جب ایک قحبہ خانے کے ترک نژاد ملازم ایدین میہچ نے ڈونر کباب کھا کر زور دار ڈکار ماری، میہچ کے ڈکار کی آواز اس قدر زیادہ تھی کہ اس سے قریب موجود لوگ خوفزدہ ہو گئے۔ قریب ہی موجود ایک پولیس اہلکار نے میہچ کو نہ صرف تنبیہ کی بلکہ اس پر 77 امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کردیا تاہم وہاں موجود افراد نے پولیس اہلکار کی جانب سے میہچ پر جامانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

اس جرمانے پر عدم اطمینان کا اظہار کرنے والوں میں ترکی کے شہر استنبول کی ایک ایسی کمپنی بھی شامل تھی جو ڈونر کباب کے حوالے سے مشہور ہے، ترک کمپنی نے پولیس کی طرف سے جرمانے کو ڈونر کباب کی شہرت پر حملہ قرار دیتے ہوئے ایدین میہچ کے لئے انعام کا اعلان کردیا۔ ترک کمپنی نے ایدین میہچ کو 2 روز کیلئے استنبول کے سیاحتی ویزے پر بلایا اور جہاز کا ٹکٹ، ہوٹل کا کرایہ اور سیرسپاٹے کے اخراجات بھی خود برداشت کئے۔ اس کے علاوہ استنبول میں ڈونر کباب بنانے والی کمپنی کے مالک نے میہچ کو 70 یورو کا چیک بھی ادا کیا جو جرمانے کی رقم کے برابر بنتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔