پنجاب میں پرائیوٹ اسکولزمالکان کا آج سے اسکول کھولنے کا اعلان

وزیراعلی شہباز شریف سے بامقصد مذاکرات چاہتے ہیں، صدر پرائیوٹ اسکولز فیڈریشن


ویب ڈیسک March 09, 2016
وزیراعلی شہباز شریف سے بامقصد مذاکرات چاہتے ہیں، صدر پرائیوٹ اسکولز فیڈریشن. فوٹو:فائل

CAIRO: پرائیوٹ اسکولز مالکان نے پنجاب بھر میں غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کی کال ایک ہفتے کے لئے موخر کرتے ہوئے آج سے تمام اسکول کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں پرائیوٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش قبول کرتے ہیں،اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، رانا مشہود سے گزشتہ چھ ماہ سے مذاکرات کر رہے ہیں لیکن انہوں نے خود کہا کہ مسئلے کا حل ان کے بس سے باہر ہے اس لئے ان سے مذاکرات نہیں کریں گے اور وزیراعلی شہباز شریف سے بامقصد مذاکرات چاہتے ہیں تاہم گورنر رفیق رجوانہ نے مذاکرات کی پیش کش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کے اعلان کو ایک ہفتے تک موخر کرتے ہیں،حکومت کے رویئے میں تبدیلی اور بہتری آگئی تاہم متنازع تعلیمی ایکٹ 2016 کو مسترد کرتے ہیں، بچوں کا تعلیمی نقصان نہیں چاہتے، ہڑتال کے دوران بھی بچوں کے امتحانات لئے، فیس بڑھانے کی کبھی بات نہیں کی، جو فیس وصول کی جاتی ہیں اس کی سروسز دی جاتی ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کی کال پر دوسرے روز بھی اکثر نجی تعلیمی ادارے بند رہے، پنجاب حکومت نے نجی اسکولوں میں فیسوں میں اضافے اور اسکولوں کی رجسڑیشن سے متعلق نئے اور سخت قواعد و ضوابط بنائے ہیں، نئے قانون میں نجی اسکولز مالکان پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ فیسوں میں سالانہ 5 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کر پائیں گے اور اس معاملے پر نجی اسکولوں کی تنظیموں کے حکومت سے مذاکرات بھی ہوتے رہے ہیں جو اب تک کامیاب نہیں ہو سکے جس کے بعد پرائیویٹ اسکول فیڈریشن کا اصرار ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ سے براہ راست ہی مذاکرات کریں گے۔

فیڈریشن نے حکومت کو یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات منظور نہ ہوئے اور حکومت نے ان کی مرضی کے مطابق ایجوکیشنل انسٹیوٹس بل میں ترامیم نہ کیں تو وہ مستقلا ہی نجی تعلیمی ادارے بند کردیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔