قائد ایم کیو ایم کی صحت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں کنوینر ایم کیو ایم

سازشیں کرنے والے ایک بار پھر ناکام ہوں گے، ندیم نصرت


ویب ڈیسک March 09, 2016
ایم کیو ایم کے کارکن کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں، ندیم نصرت فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ندیم نصرت نے ایم کیو ایم کے قائد کی صحت کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں سراسر جھوٹ ، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔

لندن سے جاری بیان میں ندیم نصرت نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد بالکل ٹھیک ہیں اور وہ پہلے کی طرح بدستور اپنے روزمرہ کے نجی اور تنظیمی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں، وہ معمول کے مطابق رابطہ کمیٹی، زونز ،تنظیمی شعبہ جات اورذمہ داروں سے رابطے میں ہیں۔ ان کی علالت کی افواہیں ایک منظم سازش کے تحت پھیلائی جارہی ہیں جس کا مقصد تحریک کے کارکنوں اور عوام کی صفوں میں مایوسی اور انتشار پیدا کرنا ہے۔ ان افواہوں کو وہی عناصر پھیلا رہے ہیں جو ایم کیو ایم کو ختم کرنے ، اسے کمزور کرنے اور اس میں گروپ بنانے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔

ندیم نصرت نے کارکنان سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پرکان نہ دھریں ، اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور اس بات پر یقین رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ماضی کی طرح تحریک کے خلاف کی جانے والی حالیہ سازشیں بھی ناکامی سے دوچارہوں گی اور سازشیں کرنے والے ایک بار پھر ناکام ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔