بھارتی انتہا پسند تنظیم نے کولکتہ میں پاک بھارت میچ روکنے کی دھمکی دے دی

پاکستان کو کسی صورت کولکتہ میں میچ نہیں کھیلنے دیں گے اگر میچ نہیں روکا گیا تو پچ کھود دیں گے، انتہا پسند تنظیم

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 19 مارچ کو دھرم شالا میں شیڈول پاک بھارت میچ کا مقام تبدیل کرتے ہوئے میچ کولکتہ میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو: فائل

بھارتی انتہا پسندوں نے ایک بار پھر دھرم شالا سے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں منتقل ہونے والے پاک بھارت میچ کو روکنے کی دھمکی دے دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی انتہا پسند تنظیم اے ٹی ایف آئی(اینٹی ٹیرراسٹ فرنٹ انڈیا) نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا بر دھرم شالا سے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں منتقل ہونے والے پاک بھارت میچ کو روکنے کی دھمکی دے دی ہے۔ انتہا پسند تنظیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم پاکستان کو کسی صورت کولکتہ میں میچ نہیں کھیلنے دیں گے تاہم اگر میچ نہیں روکا گیا تو پچ کھود دیں گے، میچ کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے لیکن پاک بھارت میچ کسی قیمت پر نہیں ہونے دیں گے۔


واضح رہے کہ دھرم شالا میں ہونے والے پاک بھارت میچ پر سیکیورٹی کی یقین دہانی تک حکومت نے ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 19 مارچ کو دھرم شالا میں شیڈول پاک بھارت میچ کا مقام تبدیل کرتے ہوئے میچ کولکتہ میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔

Load Next Story