سی این جی ایسوسی ایشن کاگیس قیمتوں میں کمی کامطالبہ

کروڈ 40 ڈالرفی بیرل سے گرنے پرگیس پروڈیوسرزقیمت کم کرنے کے پابند ہیں،غیاث پراچہ0


Khususi Reporter March 10, 2016
کروڈ40ڈالرفی بیرل سے گرنے پرگیس پروڈیوسرزقیمت کم کرنے کے پابند ہیں،غیاث پراچہ فوٹو:فائل

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی مسلسل سپلائی یقینی بنانا وزیراعظم نواز شریف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا بہت بڑا کارنامہ ہے، اب پنجاب میں آر ایل این جی اور دیگر صوبوں میں قدرتی گیس کی قیمت کم کی جائے۔

اس سے کروڑوں افراد کو ریلیف ملے گا، گیس نکالنے والی کمپنیاں حکومت سے معاہدے کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمت 40ڈالر فی بیرل سے کم ہونے پر قیمت کم کرنے کی پابند ہیں۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمت دسمبر سے 40ڈالر فی بیرل سے کم ہے بلکہ یہ 26 ڈالر تک بھی گری جبکہ اس مدت کا اوسط ریٹ34.2 ڈالر فی بیرل ہے جس کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم نے ایل این جی امپورٹ کا معاہدے کر کے پنجاب کی ڈوبتی ہوئی سی این جی کی صنعت کو بچا لیا ہے، ایل این جی کا عظیم الشان منصوبہ پاکستان میں انرجی مکس کو متوازن بنانے اور توانائی بحران کے حل کے لیے سب سے اہم قدم ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

اب حکومت گیس کی قیمت کم کرے تاکہ دیگر صوبوں کے صارفین کو بھی فائدہ پہنچے اور آئل امپورٹ بل کم کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ عدالتیں جی آئی ڈی سی کو غیر قانونی قرار دے چکی ہیں اس لیے اسے ہٹایا جائے کیونکہ یہ جس مقصد کے لیے لگایا گیا تھا وہ پورا نہیں کیا جا سکا۔ انھوں نے کہاکہ حکومت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ جی آئی ڈی سی کے فنڈز ایل این جی منصوبے اور پائپ لائن کے لیے استعمال نہیں کیے جا رہے تو بھر اس کا کیا جواز ہے۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن توانائی بحران کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کی غیرمشروط حمایت کرتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں