امریکی سینیٹ میں پاکستان کو ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کیخلاف قرارداد مسترد

رپبلکن پارٹی سینیٹر رینڈ پال کی قرار داد کے حق میں 24 اور مخالفت میں 71 ووٹ پڑے۔


ویب ڈیسک March 11, 2016
قرارداد کا مسترد ہونا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لا زوال قربانیوں کا اعتراف ہے، جلیل عباس جیلانی. فوٹو: فائل

KARACHI: امریکی سینیٹ نے پاکستان کو جنگی ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کے خلاف قرارداد مسترد کردی۔

امریکی سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی کے سینیٹر رینڈ پال نے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت روکنے کے لئے قرارداد پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے مسترد کردیا۔ قرار داد کےحق میں 24 اور مخالفت میں 71 ووٹ ڈالےگئے۔

پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے خلاف قرارداد مسترد ہونے پر امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاک امریکا شراکت داری خطے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے، پاکستان دہشت گردی جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرارداد کا مسترد ہونا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لا زوال قربانیوں کا اعتراف اور مستحکم پاک امریکا تعلقات کا مظہر ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ ماہ پاکستان کو 8 ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کی باقاعدہ منظوری دی تھی جب کہ بھارت نے پاکستان کو جنگی طیاروں کی فروخت پر امریکا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور سینیٹ میں پاکستان کو طیاروں کی فروخت روکنے کے لئے کوششیں شروع کردی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں