ہمارے پاس ناکامی کا کوئی آپشن موجود نہیں مصطفیٰ کمال

بڑے پیمانے پر تنظیمی سیٹ اپ بنارہے ہیں اور کراچی کے بعد ملک بھر میں جائیں گے، سابق ایم کیو ایم رہنما

فاروق ستارمعصوم اور مظلوم شخص ہیں ان کی کسی بات کا کبھی برا نہیں مانا، سابق ایم کیو ایم رہنما. فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے منحرف رہنما اور سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ناکامی کا کوئی آپشن موجود نہیں اور اب تک جو کیا ہے اس میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستارمعصوم اور مظلوم شخص ہیں ان کی کسی بات کا کبھی برا نہیں مانا اس لئے ان کے حوالے سے کوئی بات کر کے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ نہیں کرنا چاہتا،ان کے لئے میری طرف سے دعائے خیر ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر تنظیمی سیٹ اپ بنارہے ہیں اور کراچی کے بعد ملک بھر میں جائیں گے اور ہم نے پورے پاکستان کے لوگوں کو اپنی پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔


سابق سٹی ناظم کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ناکامی کا کوئی آپشن موجود نہیں، اب تک جو کیا ہے اس میں کامیاب ہوگئے اور ہم بندوق چھوڑنے کی بات کررہے ہیں، ابھی تنظیم کے نام کا فیصلہ نہیں کیا جلد مشاورت کے بعد حتمی نام کا اعلان کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں ہونے والے الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے اور ابھی ساری توجہ پارٹی کی تنظیم سازی پر مرکوز ہے جب کہ خواتین کی بڑی تعداد ہم سے رابطے میں ہے۔

Load Next Story