کریڈٹ لینے کے معاملے میں نجم سیٹھی آگے نکل آئے

شہریار انتظار کرتے رہے، ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نے اجازت ملنے کا اعلان بھی کر دیا


Sports Reporter March 12, 2016
شہریار انتظار کرتے رہے،ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نے اجازت ملنے کا اعلان بھی کر دیا فوٹو: فائل

کریڈٹ لینے کے معاملے میں نجم سیٹھی نے شہریارخان کو پیچھے چھوڑ دیا، چیئرمین بورڈ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی شرکت پر وزارت داخلہ کے باضابطہ اعلان کا انتظارکرتے رہے، مگر اسلام آباد میں موجود ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بریکنگ نیوز جاری کی پھر میڈیا سے گفتگو میں تصدیق بھی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی آفیشلز اور صحافی کئی روز سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت پر حکومتی فیصلے کے منتظر تھے، دوسری جانب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کرکٹرز بھی اسی کشکمش کا شکار نظرآئے، جمعے کو بھی دن بھر تمام متعلقہ افراد اور شائقین انتظار کی کوفت سے گزرتے رہے۔

ان میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان بھی شامل تھے،اسلام آباد میں وزارت داخلہ سے بات چیت اور صورتحال کا جائزہ لینے میں مصروف رہنے والے ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بازی مار لی، اس پورے قصے میں وہ منظر سے غائب تھے مگر گذشتہ روز خاصے متحرک نظر آئے۔

انھوں نے شام کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر قومی کرکٹ ٹیم کو روانگی کی اجازت ملنے کی خبر بریک کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق بھی کر دی۔ چیئرمین پی سی بی کی پریس کانفرنس بعد میں قذافی اسٹیڈیم میں رکھی گئی جس میں انھوں نے کہا کہ قوی امکان'' ہے کہ اجازت مل گئی لیکن رسمی اعلان ہونا باقی ہے۔

ان سے سوال کیا گیا کہ نجم سیٹھی نے تو اعلان کردیا تو جواب میں کہا کہ اطلاع ضرور دے دی لیکن اعلان تو حکومت کو ہی کرنا چاہیے، رابطے تو تمام دن تمام متعلقین کرتے رہے، وزیر اعظم کی بھی قدر کرنا ہے،کچھ ان کے لیے بھی چھوڑ دیں، تھوڑی دیر میں باقاعدہ اعلان بھی سامنے آجائے گا، فلائیٹ کون سی ہوگی،اس کا بھی ابھی نہ پوچھیں، سیکیورٹی کا معاملہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں