بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم جب بھارت کا دورہ کرے گی تو اسے مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف اور بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان آئندہ سیریز کھیلے جانے پر سیکیورٹی کے معاملات زیر بحث آئے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرت سبھروال نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیگر امور کے علاوہ کرکٹ کے میدان میں بھی بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران ویزا پالیسی کے حوالے سے وہ ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن کوشش کی جائے گی کہ نرمی برتی جائے۔ اس موقع پر ذکا اشرف نے کہا کہ بھارتی ٹیم جب پاکستان آئے گی تو سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔