اوآئی سی کو مزید فعال کرنے پرپاکستان اور سعودیہ کا اتفاق

34 ملکی اتحاد کوفوجی تربیت، لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے


عامر خان March 12, 2016
34ملکی اتحاد کوفوجی تربیت، لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے ۔ فوٹو : اے ایف پی

وزیراعظم نواز شریف کا اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے رابطوں میں اس بات پراتفاق کیاگیاہے کہ امت مسلمہ کے مسائل کو باہمی رابطوں کی پالیسی کے مطابق حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اوراس حوالے سے اسلامی کانفرنس کی تنظیم (اوآئی سی) کومزیدفعال کیاجائے گا۔

وفاقی حکومت کے انتہائی باخبرذرائع نے ایکسپریس کوبتایاکہ پاکستان کی خاموش سفارتی حکمت عملی کے سبب سعودی عرب اورایران کے مابین جاری کشیدگی میں واضح کمی آئی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی قیادت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان 34 ممالک کے فوجی اتحاد میں شامل تو ہوگا لیکن براہ راست کسی بھی ملک کے خلاف جنگ میں حصہ نہیں لے گا۔ پاکستان نے سعودی عرب کو پیشکش کی ہے کہ پاکستان34ممالک کے فوجی اتحاد کو دہشت گردی سے لڑنے کی ٹریننگ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کی لاجسٹک سپورٹ اور دیگر وسائل فراہم کرنے کے لیے تیارہے ۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کے امور پر باضابطہ رابطوں کا آغاز ایرانی صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے بعد کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے اس بات پر غور کیا گیا ہے کہ داعش اور اس جیسی تنظیموں کے خطرات سے نمٹنے کیلیے دونوںممالک اپنے رابطوں کومزید بڑھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔