غلام حیدر جمالی کی جگہ اے ڈی خواجہ نئے آئی جی سندھ پولیس تعینات

اے ڈی خواجہ اس وقت ایڈیشل آئی جی اسپیشل برانچ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔


ویب ڈیسک March 12, 2016
اے ڈی خواجہ اس وقت ایڈیشل آئی جی اسپیشل برانچ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: وزیراعظم نواز شریف نے سندھ حکومت کی درخواست پر غلام حیدر جمالی کی جگہ اے ڈی خواجہ کو نیا آئی جی مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے لئے وزیراعظم نواز شریف کو اے ڈی خواجہ، اور نثار مہر سمیت 3 نام ارسال کئے تھے، وزیراعظم نواز شریف نے مشاورت کے بعد اللہ دینو خواجہ کو نیا آئی جی سندھ پولیس مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اے ڈی خواجہ کا تعلق ٹنڈو محمد خان سے ہے اور وہ اس وقت ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کے عہدے پر فائز ہیں، وہ سندھ کے 6، 7 اضلاع میں ایس ایس پیز بھی رہ چکے ہیں، انھیں بہترین ریکارڈ اور تجربے کی بنیاد پر آئی جی سندھ پولیس تعینات کیا گیا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر غلام حیدر جمالی کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے جب کہ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال بھی آئی جی سندھ سے خوش نہیں تھے اور بعض معاملات میں دونوں کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے تھے۔

واضح رہے کہ غلام حیدر جمالی کو جون 2014 میں آئی جی کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، ان کے خلاف کرپشن، خلاف ضابطہ بھرتیاں اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی سمیت متعدد مقدمات سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں جس کی وجہ سے وہ صوبائی حکومت کے لئے بھی مشکلات کا باعث بن رہے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں