بنگال ٹائیگرز کو آج اجنبی دشمن کا انجانا چیلنج درپیش

اومان کیخلاف فتح سپر10میں رسائی دلادے گی، بارش پر نیٹ رن ریٹ کام آئے گا


Sports Desk March 13, 2016
آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے درمیان دھرم شالا میں ہی وقارکی رسمی جنگ فوٹو : ایکسپریس

ورلڈ ٹوئنٹی 20 گروپ اے میں آج بنگلہ دیش کا مقابلہ اومان اور آئرلینڈ کا سامنا نیدرلینڈز سے ہوگا۔ بنگال ٹائیگرز کو اجنبی دشمن کا انجانا چیلنج درپیش ہے جب کہ اومانی ٹیم مین راؤنڈ میں رسائی کیلیے پوری قوت صرف کرنے کیلیے پُراعتماد ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے آغاز پر کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اومان کی ٹیم مین راؤنڈ میں شمولیت کی دعویدار بن کر سامنے آئے گی، مگر اس نے آئرلینڈ کو آخری اوور میں شکست دے کر سب کو حیران کردیا، نیدرلینڈز سے مقابلہ بارش کی نذرہوگیا اور اب مین راؤنڈ میں جگہ پانے کا حیرت انگیز کارنامہ انجام دینے کیلیے اسے راہ میں حائل بنگلہ دیش کی صورت میں مضبوط حریف کا چیلنج درپیش ہے۔

ٹائیگرز کے بھی آئرلینڈ سے مقابلے میں بارش حائل ہوئی تھی مگر اس سے قبل تمیم اقبال نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم نے 8 اوورز میں 2 وکٹ پر 94 رنز بنالیے تھے۔ بنگلہ دیش کی مضبوط اور ان فارم بیٹنگ لائن کو قابو کرنے کیلیے اومان کو اجے لالچیتا اور مونس انصاری سے توقعات وابستہ ہیں، اسی طرح ذیشان مقصود اور خاور علی بھی امیدوں کا محور ہیں۔ بارش کا خطرہ ایک بار پھر موجود ہے۔

اگر اتوار کا میچ بھی موسم کی نذر ہوگیا تو پھر بنگلہ دیش رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے راؤنڈ میں چلا جائے گا۔ دوسری جانب آئرلینڈ اور نیدرلینڈز میں مقابلہ رسمی مگر دونوں وقار کی بحالی کیلیے کھیلیں گے، گذشتہ ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مین راؤنڈ میں رسائی کیلیے جنگ ہوگی مگر اب دونوں واحد فتح کیلیے ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں