بھارت میں کھیلنے کے لئے ذہنی اور جسمانی طور پر پہلے سے تیار تھے شاہد آفریدی

بھارت اس وقت بہت اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے، ٹورنامنٹ میں رہنے کیلئے ہمیں بھی اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی، کپتان ٹی ٹوئنٹی ٹیم


ویب ڈیسک March 13, 2016
مانتا ہوں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہم پر بہت دباؤ ہو گا لیکن کرکٹ میں ایسا ہی ہوتا ہے، شاہد آفریدی. فوٹو: فائل

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم بھارت میں کھیلنے کے لئے ذہنی اور جسمانی طور پر پہلے سے تیار تھے۔

کوکلتہ کے ایڈن گارڈن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت میں کھیل کر بہت خوشی ہو رہی ہے، بھرپور پریکٹس شروع کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے، پہلا میچ جیتنے سے ٹیم کو اعتماد ملتا ہے، بھارت اس وقت بہت اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے، ٹورنامنٹ میں رہنے کے لئے پاکستان کو بھی اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہم پر بہت دباؤ ہو گا لیکن کرکٹ میں ایسا ہی ہوتا ہے البتہ کولکتہ ہمارا ریکارڈ اچھا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہت کم ممالک ایسے ہیں جہاں کرکٹ کھیلنے کا مزہ آتا ہے، بھارت میں کرکٹ کھیل کر ہمیشہ مزہ آتا ہے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے ایشیا کپ میں اچھا کھیل پیش نہیں نہیں کیا لیکن یہ ایک علیحدہ ٹورنامنٹ ہے اور ہم اچھا کھیل پیش کرنے کے لئے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے بطور اسپنر اپنے کیرئیر کا آغار کیا لیکن پھر بلے باز کا روپ دھارا، ہر نمبر پر بیٹنگ کی ہے اور ٹیم کے لئے ہر وقت تیار ہوں، بھارت میں میرے لئے کبھی بھی سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں رہا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم آج سخت سیکیورٹی میں کوکلتہ کے ایڈن گارڈن پہنچی اور پریکٹس کی۔ قومی ٹیم کل سری لنکا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی جب کہ گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کھیلیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں