بنگلادیش نے عمان کو شکست دے کر سپر10 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

سپر10 مرحلے میں بنگلادیش کا مقابلہ 16 مارچ کو پاکستان سے ہوگا۔


ویب ڈیسک March 13, 2016
سپر10 مرحلے میں بنگلادیش کا مقابلہ 16 مارچ کو پاکستان سے ہوگا۔۔ فوٹو:فائل

RAWALPINDI: ورلڈکپ کے انتہائی اہم وارم اپ میچ میں بنگلادیش نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت عمان کو 54 رنز سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ہماچل پردیش کے دھرم شالا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے عمان کو جیت کے لئے 181 رنز کا ہدف دیا تاہم عمان کی بیٹنگ کے دوران میچ بارش سے متاثر ہوتا رہا اور میچ 12 اوور تک محدود کردیا گیا جس میں عمان کو جیت کے لئے 120 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم ڈک ورتھ لوئس کے تحت بنگلادیش نے عمان کو 54 رنز سے شکست دے دی۔ عمان کی ٹیم مقررہ 12 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز ہی بنا سکی، جتندر سنگھ 25 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ 7 بیٹسمین ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 4، تسکین احمد، الامین حسین، مشرفی مرتضیٰ اور صابر رحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں کامیابی کے بعد بنگلادیش نے سپر10 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا اور 16 مارچ کو بنگلادیش کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔

اس سے قبل عمان ٹیم کے کپتان سلطان احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے شاندار بیٹنگ کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 180 رنز بنائے۔ اوپنرسومیا سرکار 42کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال کا ساتھ چھوڑ گئے جو صرف 12 رنز ہی بنا سکے جس کے بعد صابررحمان نے تمیم اقبال کے ساتھ دوسری وکٹ پر 97 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 139 تک پہنچا تو صابر رحمان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تمیم اقبال نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 103 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 63 گیندوں پر 5 چھکے اور 10 چوکے لگائے اور شکیب الحسن 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ عمان کی جانب سے اجے لال جیٹا اور خاور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کی فاتح ٹیم اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرجائے گی اور ٹیم 16 مارچ کو پاکستان کے خلاف ایونٹ کا پہلا میچ کھیلے گی۔

واضح رہے کہ کوالیفائنگ ٹیموں کے گروپ "اے" سے افغانستان پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 15 مارچ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں