بیٹنگ کوچ کی تلاش کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع

ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کو دیکھتے ہوئے عہدے کیلیے درخواست دی، ظہیرعباس

ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کو دیکھتے ہوئے عہدے کیلیے درخواست دی، ظہیرعباس فوٹو: فائل

پی سی بی کی جانب سے تشکیل شدہ کوچ ہنٹ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے۔


اس موقع پر قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ بننے کے امیدواروں کی درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا، کمیٹی میں انتخاب عالم اور کرنل (ر) نوشاد علی شامل ہیں، تیسرے رکن ظہیرعباس خود عہدہ سنبھالنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، بورڈ نے تاحال ان کے متبادل کمیٹی ممبر کا اعلان نہیں کیا ہے، سابق اسٹار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں نے بورڈ کو بتا دیا کہ کمیٹی سے الگ ہونے کو تیار ہوں اس سے دیگر ارکان کو آزادانہ فیصلے میں آسانی ہو گی،انھوں نے کہا کہ میں نے ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ کوچ کیلیے درخواست دینے کا فیصلہ کیا، ہماری بیٹنگ معیار کے مطابق نہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ میرے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کا درست وقت ہے، میں نے عہدے میں اپنی دلچسپی سے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو بھی آگاہ کر دیا۔

ظہیر عباس نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹسمینوں کی کارکردگی پر تشویش ہے کیونکہ ان دنوں ہر ٹیم فتح کیلیے بیٹنگ لائن پر ہی انحصار کرتی ہے، ہمارے بیٹسمین تسلسل سے عمدہ کھیل پیش نہیں کر رہے اور میں ان کے ساتھ کام کر کے رنز کی بھوک بڑھانا چاہتا ہوں۔ ظہیر عباس نے بھی بطور کوچ ڈیوواٹمور کے تقرر کی سفارش کی تھی، اس حوالے سے سوال پر انھوں نے اعتراف کیا کہ غیرملکی آفیشل تاحال اتنے کامیاب ثابت نہیں ہوئے جتنی ان سے توقع کی جا رہی تھی، مگر ہم نے یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں کیا۔ اس سوال پر کہ انگلینڈ کیخلاف وائٹ واش کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کوچ محسن خان کو عہدے سے ہٹانا کیا ناانصافی نہیں تھی، ظہیرعباس نے کہا کہ محسن نے بطور کوچ اپنے آپ کو ثابت کیا، میں نے انھیں مشورہ دیا تھا کہ جو ہو رہا ہے ہونے دیں اور خاموش رہیں، مگر وہ کچھ اورہی سوچتے ہیں۔
Load Next Story