ہفتہ رفتہ میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں اضافہ

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں روئی کے اسپاٹ ریٹ50روپے فی من اضافے کے ساتھ 5 ہزار 250 روپے فی من تک مستحکم رہے


Ehtisham Mufti March 14, 2016
کاٹن زونزمیں بارشوں کے باعث کاشت و فصل میں تاخیرسے روئی وپھٹی کے دام مزید بڑھ سکتے ہیں، احسان الحق۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت سمیت کپاس کی پیداوار کے حامل بیشترممالک میں کپاس کی پیداوارتوقعات سے کم ہونے کی یوایس ڈی اے کی جاری کردہ رپورٹ اور رپورٹ میںکھپت بڑھنے، اینڈنگ اسٹاکس میں کمی اورامریکی ایکسپورٹ مثبت ہونے اطلاع کے باعث مقامی وبین الاقوامی سطح پرگزشتہ ہفتے تیزی کارجحان غالب رہا۔

پاکستان کے بیشترکاٹن زونزمیں ہونے والی تازہ بارشوں سے کپاس کی بوائی میں تاخیراورٹیکسٹائل ملوں کوقدرتی گیس کی سپلائی معمول کے مطابق ہونے جیسے عوامل روئی خریداری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنی یہی وجہ ہے کہ گزشتہ ہفتے مقامی کاٹن مارکیٹس میں روئی اور سوتی دھاگے کی قیمتوں میں تیزی رہی جبکہ کاٹن بیوپاریوں کا خیال ہے کہ جاری تیزی رواں ہفتے بھی برقرار رہے گی۔

چیئرمین کاٹن جنرزفورم احسان الحق نے بتایاکہ بھارتی حکام کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق 8مارچ تک بھارت میں کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 49لاکھ بیلز(170کلوگرام)کم ہیں جبکہ یو ایس ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق کاٹن ایئر2015-16 کے دوران بھارت میں کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار10لاکھ بیلز (480پاؤنڈ) جبکہ پاکستان میں 2لاکھ بیلز (480 پاؤنڈ) گزشتہ پچھلے سال کے مقابلے میں کم پیدا ہوں گی جبکہ دنیا بھرمیں روئی کے اینڈنگ اسٹاکس بھی پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 7 لاکھ 50 ہزار بیلزکم ہوں گے۔

انہوں نے بتایاکہ امریکا میں جاری ہونے والی کاٹن ایکسپورٹ رپورٹ کے مطابق 3 مارچ کوختم ہونے والے ہفتے کے دوران ترکی اورویتنام کی جانب سے غیرمعمولی خریداری کے باعث امریکی برآمدات میں اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 28فیصدجبکہ پچھلے ایک ماہ کی اوسط برآمدات کے مقابلے میں 42فیصداضافہ دیکھاگیاہے جس کے باعث نیویارک کاٹن ایکسچینج میں تیزی کارجحان دیکھاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران نیویارک کاٹن ایکس چینج میں حاضرڈلیوری روئی کے سودے 0.45 سینٹ فی پاؤنڈاضافے کے ساتھ 64.80سینٹ فی پاؤنڈ جبکہ مئی ڈلیوری روئی کے سودے 0.4سینٹ فی پاؤنڈ اضافے کے ساتھ 57.15 سینٹ فی پاؤنڈتک مستحکم رہے۔

بھارت اور چین میں بھی روئی کی قیمتیں معمولی تیزی مندی کے ساتھ بالترتیب 33ہزار 19 روپے فی کینڈی اور 10 ہزار 607 یوآن فی ٹن تک مستحکم رہے۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں روئی کے اسپاٹ ریٹ50روپے فی من اضافے کے ساتھ 5 ہزار 250 روپے فی من تک مستحکم رہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں روئی کے نرخ 100روپے فی من اضافے کے ساتھ 5ہزار 500روپے مستحکم دیکھے گئے۔ انہوں نے بتایاکہ گزشتہ ہفتے کے دوران سندھ، پنجاب اوربلوچستان کے بیشترکاٹن زونزمیں ہونے والی بارشوں کے باعث کپاس کی بوائی میں 2سے3ہفتے کی تاخیر ہوسکتی ہے جس سے کپاس کی نئی فصل کی آمد میں متوقع تاخیرکے باعث روئی اورپھٹی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آسکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی ریاست ہریانہ کی حکومت نے رواں سال کپاس کی فصل کو سفید مکھی اوروائرس سے ہونے والے نقصان کے باعث اپنے کاشتکاروں کو967کروڑروپے کی سبسڈی دینے کافیصلہ کیاہے جس سے بھارتی حکومت کی اپنے کسانوں سے محبت کااندازہ لگایا جاسکتا ہے جبکہ پاکستان میں کپاس کی فصل کوغیرمعمولی نقصان پہنچنے کے باوجود حکومت پاکستان نے کپاس کے کاشتکاروں کے لیے 5 ہزار روپے فی ایکٹرسبسڈی کااعلان کیاتھا جوابھی تک مکمل طورپرتقسیم نہیں کیاجاسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں