پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں سری لنکا کو شکست دیدی

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔


ویب ڈیسک March 14, 2016
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 70 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 15 رنز سے شکست دے دی۔


کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تاہم لنکن ٹائیگرز مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں پر 142 رنز ہی بناسکی۔ دنیش چندیمل اور دلکارتنے دلشان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عرفان نے دوسرے ہی اوور میں دلشان کو صفر پر پویلین بھیج دیا جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں چندیمل 30، تھریمانے 45، کپوگیرا14، اینجلے میتھیوز 10، سری وردانے 2، تھسارا پریرا 5، کولیسکرا 7 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی جب کہ محمد عرفان اور وہاب ریاض ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، کپتان شاہد آفریدی نے 4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 40 رنز دیے۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم نے محمد حفیظ کے برق رفتار 70 رنز کی ہدولت مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے۔ محمد حفیظ نے 49 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 39 کے اجتماعی اسکور پر شرجیل خان 23 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ احمد شہزاد 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سرفراز احمد نے 13 اور عمر اکمل نے 19 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر ناکام رہے اور پہلی ہی گیند پر اپنا کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کی جانب سے تشارا پریرا نے 2 جب کہ دشھمانتھا چمیرا، رنگنا ہیراتھ اور سنا نائکے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں