ایم کیو ایم سے جانے والے نادان بچوں کو اللہ ہدایت دے فاروق ستار

ایم کیو ایم ایک دریا ہے اور چند قطرے نکل جانے سے اسے فرق نہیں پڑتا، فاروق ستار


ویب ڈیسک March 14, 2016
اگر تنظیم میں کوئی غلطی ہوتی تو اپنےہی لوگ اسے ٹھیک کرتے ہیں، فاروق ستار فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ رضا ہارون، مصطفیٰ کمال یا کوئی بھی ہو ان کے جانے سے ایم کیو ایم کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ سارے نادان بچے ہیں اور اللہ انہیں ہدایت دے۔

کراچی میں ایم کیو ایم کی صفائی مہم کے جائزے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کو ٹھیک کرنے کےلئے اس میں رہ کر کام کیا جاتاہے۔ رضا ہارون، مصطفیٰ کمال یا کوئی بھی ہو ان کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ایم کیو ایم ایک دریا ہے، اسے قطرے نکل جانے سے فرق نہیں پڑتا۔ یہ سارے نادان بچے ہیں، عوام کا سمندر اب بھی ہمارے ساتھ ہے، ہمیں کراچی کے 2 کروڑ 30 لاکھ عوام کے سمندر کی بات سننی چاہئے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مولا بخش چانڈیو کسی بھی بات کی تصدیق کے بعد بیان دیا کریں، ایم کیو ایم کے 40 کارکنوں کو جیل میں بند وارڈ کیا گیا ہے، ہم نے ان کے نام بھی جاری کئے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو لاپتا کارکنوں سے ہماری ملاقات کرادیں تو ان کے بیان کو سچ مان لیں گے۔ اگر انہوں نے ایم کیو ایم کو جھوٹا ثابت کردیا تو انہیں خوشی ہوگی۔

صفائی مہم کے حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور کراچی کو کچھ لوٹانے اور اپنا فرض پورا کرنے کے لئے باہر نکلے ہیں، صفائی مہم میں گٹربھی صاف کریں گے کچرا بھی اٹھائیں گے اور لوگوں کو شعور بھی دیں گے، لیکن پورے شہر کےگند کو صاف کرنے کےلئے لاکھوں عوام کو باہر نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 30 مارچ کے بعد ہم ایک اور مہم کا اعلان کریں گے، اگلےمراحل میں ہم دیواروں کو بھی صاف کریں گے، اگر ہو سکا تو نئے درخت بھی لگائیں گے، اس کے علاوہ کراچی میں ٹریفک کو ٹھیک کرنے کےلئے بھی مہم چلائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں