بھارت میں اونچی ذات کی لڑکی سے پسند کی شادی کرنے والے دلت نوجوان کو قتل کردیا گیا

سنکر اور کوسلیا پر دن دیہاڑے سیکڑوں لوگوں کی موجودگی میں حملہ کیا گیا اور ملزمان بھی فرار ہوگئے، بھارتی پولیس


ویب ڈیسک March 14, 2016
کوسلیا نے واقعے سے چند ہفتے قبل پولیس میں اپنے باپ کے خلاف رپورٹ بھی کی تھی، پولیس فوٹو: فائل

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں دلت نوجوان کو اونچی ذات کی لڑکی سے شادی کرنے کی پاداش میں دن دیہاڑے قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے ضلع تریپور کے ایک گاؤں کمارا لنگھم سے تعلق رکھنے والے ایک دلت نوجون سنکر نے قریبی قصبے اوڈومالائی پیٹئی کی رہائشی کوسلیا نامی ایک لڑکی سے گزشتہ برس پسند کی شادی کی تھی، کوسلیا کا تعلق اونچی ذات سے تھا اور کوسلیا کے گھر والے اس شادی کے خلاف تھے۔ دونوں کو عین اس وقت شہر کے انتہائی مصروف علاقے میں سیکڑوں لوگوں کی موجودگی میں نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک شاپنگ سینٹر سے باہر نکلے تھے۔ قاتلانہ حملے میں سنکر تو موقع پر ہلاک ہوگیا جب کہ کوسلیا زخمی ہوگئی جس کا مقامی اسپتال میں علاج جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سنکر اور کوسلیا پر حملے کے دوران کئی افراد نے واقعے کو اپنے موبائل فون کی مدد سے فلمایا ہے، ان وڈیوز سے پتہ چلتا ہے کہ نوبیاہتا جوڑے پر حملہ کرنے والے 3 افراد تھے جو موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ تینوں نے پہلے جوڑے کو نیچے گرایا اور درانتی کے وار کئے۔ سنکر کو کئی حصوں پر شدید چوٹیں آئیں لیکن اس کی موت گردن میں درانتی کے وار سے ہوئی ہے۔

کیس کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ کوسلیا نے چند ہفتوں قبل پولیس کو رپورٹ کی تھی اس کا باپ اسے دھمکیاں دے رہا ہے اور دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ سنکر کو چھوڑ کر واپس آجائے ورنہ اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ جس پر پولیس نے اس کے باپ کو تنبیہہ بھی کی تھی۔

تمام تر شواہد کے باوجود اب تک پولیس نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی نہیں کی کیونکہ اس علاقے میں کوسلیا کی ذات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی اکثریت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔