ایشیا کپ میں پاکستان کی شکست کا سبب۔۔۔۔۔فضائی آلودگی

نئی تحقیق کے مطابق کثیف فضا کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اثرانداز ہوتی ہے

نئی تحقیق کے مطابق کثیف فضا کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اثرانداز ہوتی ہے ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے 2014ء میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کا سب سے زیادہ شکار ممالک کی فہرست میں بنگلادیش چوتھے نمبر پر ہے۔ حالیہ ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی کی ذمے دار کھلاڑیوں سے زیادہ میرپور کی آلودہ فضا تھی! یہ سطر پڑھ کر آپ یقیناً چونک گئے ہوں گے، تاہم اگر جرمن سائنس دانوں کی تازہ تحقیق کو درست مان لیا جائے تو پھر شکست کے لیے کھلاڑیوں کو ذمہ دار ٹھہرانا کسی طور مناسب نہیں۔

جرمن سائنس دانوں نے اپنی تحقیق میں دعویٰ کیا ہے کہ فضائی آلودگی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اثرانداز ہوتی ہے۔ بون میں واقع انسٹیٹیوٹ آف اسٹڈی آف لیبر کی خاطرکی جانے والی تحقیق کے لیے اینڈریا لچٹر، نیکوپیسٹل اور ایرک سومر پر مشتمل ٹیم نے یہ طریقہ کار طے کیا تھا کہ مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی اور شہر کی فضائی آلودگی کی سطح کا جائزہ لیا جائے۔

چناں چہ 1999ء سے 2011ء کے درمیان ملک کی سب سے بڑی فٹبال لیگ Bundesliga میں کھیلنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی دوران میچ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ یہ میچ برلن، میونخ، ہمبرگ، فرینکفرٹ اور کولون میں کھیلے گئے تھے۔ تحقیقی ٹیم نے اسی عرصے کے دوران ان شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح کے بارے میں بھی اعدادوشمار حاصل کیے۔


بارہ سال کے دوران 32 اسٹیڈیمز میں فٹبال کے 2956 مقابلے ہوئے تھے۔ ان میں مجموعی طور پر 29 ٹیموں کے 1771 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ محققین نے تمام مقابلوں کی ویڈیو ریکارڈنگ دیکھتے ہوئے یہ نوٹ کیا کہ ہر میچ کے دوران ہر کھلاڑی نے کتنی بار اپنے ساتھیوں کو ' پاس' دیا۔ بعد میں ' پاسز' کی تعداد کا موازنہ اُس روز شہر میں اور بالخصوص اسٹیڈیم کے اطراف فضائی آلودگی کی سطح سے کیا گیا۔

تحقیق کے نتائج ظاہر کرتے ہوئے محققین نے بتایا کہ فضا میں ایک مخصوص مادّے کے ارتکاز میں ایک فیصد اضافے کے بعد ' پاسز' کی تعداد میں 0.2 فی صد کمی آئی۔ ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کا اثر کھلاڑیوں کی عمر کے ساتھ ساتھ بڑھتا جاتا ہے۔ فضا میں مضر صحت مادّوں کی موجودگی تیس برس سے زائد عمر کے کھلاڑیوں پر سب سے زیادہ اثرانداز ہوتی نظر آئی۔ بالخصوص ان زائدالعمر کھلاڑیوں پر جو مڈفیلڈر اور ڈیفینڈر کی پوزیشن پر کھیلے۔

دنیا کے بیشتر ممالک کی طرح فٹبال جرمنی میں بھی مقبول ترین کھیل ہے۔ یہی وجہ تھی کہ محققین نے اپنی تحقیق کا دائرہ کار فٹبال تک محدود رکھا۔ تاہم ان کا کہنا ہے اس تحقیق کی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ فضائی آلودگی ہر اس کھیل پر اثرانداز ہوتی ہے جس میں کھلاڑیوں کو بھاگنا دوڑنا پڑتا ہو۔ تو جناب! ہم کہہ سکتے ہیں کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی بدترین کاکردگی کی کچھ نہ کچھ ذمہ دار فضائی آلودگی بھی ہے! اس لیے صرف کھلاڑیوں کو موردالزام نہ ٹھہرایا جائے اور ان پر تنقید کرتے ہوئے ہاتھ ' ہولا' رکھا جائے!
Load Next Story